مسلم لیگ نے عقیدہ ختم نبوت ؐ کی شق کو چھیڑا، یہ مسلم لیگ نہیں سیکولر لیگہے، قبائلی علاقوں میں سب سے زیادہ ڈرون حملے پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئے،اے این پی نے ڈالروں کے بدلے پشتونوں کے سروں کا سودا کیا

صوبائی امیر جماعت مشتاق احمد خان کا این اے 4کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے عام سے خطاب

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نے عقیدہ ختم نبوت ؐ کی شق کو چھیڑا، یہ مسلم لیگ نہیں سیکولر لیگ ہے، ختم نبوتؐ کی شق میں ترمیم اور سود کی حمایت پر مسلم لیگ اپنے نام سے مسلم کا لفظ ہٹا دے، مسلم لیگ کو سپریم کورٹ نے چور پارٹی ہونے کا سرٹیفیکٹ دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے ہاتھ اسامہ بن لادن اور قبائلیوں کے خون سے رنگے ہیں،قبائلی علاقوں میں سب سے زیادہ ڈرون حملے پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئے، اے این پی پشتون دشمن پارٹی ہے ،اے این پی نے ڈالروں کے بدلے پشتونوں کے سروں کا سودا کیا اے این پی نے رنجیت سنگھ سے زیادہ پشتونوں کو نقصان پہنچایا، چالیس لاکھ سے زائد غیور پشتون اے این پی کے دور حکومت میں اپنے ہی وطن میں ہجرت پر مجبور ہوئے جن میں آج بھی ہزاروں خاندان اپنے علاقوں کو واپس جانے سے محروم ہیں، مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی اور ان کا ساتھ دینے والے امریکا کے گھوڑے ہیں، ان کی سیاست کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے عوام ووٹ کی طاقت سے ان پارٹیوں سے اپنی محرومیوں کا انتقام لیں،جماعت اسلامی صادق اور امین جماعت ہے، جماعت اسلامی کی صداقت اور امانت کا اعتراف عدلیہ اور پارلیمنٹ سمیت سب کرتے ہیں جماعت اسلامی ناموس رسالت ؐاور عقیدہ ختم نبوت ؐکی پاسبان جماعت ہے این اے 4کے عوام انتخابات میں سیکولر، قوم پرست اور اسلام دشمن جماعتوں اور ان کا ساتھ دینے والوں پر نظر رکھیں عوام واصل فاروق چمکنی کی صورت میں ختم نبوت ؐ کے علمبردار ، دیانتدار اور نوجوان قیادت کو ووٹ دے کر اسمبلی میں بھیجیں، جماعت اسلامی کو کامیابی ملی تو سڑکوں کی حالت بہتر بنائیں گے۔

(جاری ہے)

تعلیم ، صحت اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے عوام26اکتوبر حق اور سچ کی فتح کا دن بنادیں۔وہ جمعرات کو تمب پورہ یونین کونسل ترناب فارم میں این اے 4کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے عام سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسے سے این اے 4کے لئے جماعت اسلامی کے امیدوار واصل فاروق چمکنی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں خلافت راشدہ اور نظام مصطفی ؐ کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

پاکستان خلافت راشدہ کے نظام کے لئے بنا تھا، لیکن ستر سال سے اس ملک میں اسلامی نظام نافذ نہ ہوسکا۔ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، یہاں کے پہاڑ معدنیات سے بھرے ہوئے ہیں، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ پاکستان ترقی کے لحاظ سے جاپان اور سنگاپور سے آگے ہوتا لیکن کرپٹ حکمرانوں نے وسائل کو استعمال میں لاکر ملک کو ترقی دینے کے بجائے لوٹ مار کا بازار گرم کیا۔

حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر سوئیس اور پانامہ اکاؤنٹس میں رکھیں اور قوم کو محرومیوں کا تحفہ دیا۔ انہوںنے کہا کہ این اے فور میں سیاسی مداریوں نے عوام کو ورغلانے کے لئے اپنے خزانوں کے منہ کھول دئیے ہیں۔ بجلی ٹرانسفامرز ، سولر پینلز اور گیس پائپ لائنوں سے عوام کو نہیں بہکایا جاسکتا۔ سیاسی جماعتیں این اے فور سے اپنا بوریا بستر سمیٹ لیں۔

26اکتوبر کو انشاء اللہ این اے فور کے عوام کی خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ و اصل فاروق این اے فور کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔این اے فور کے عوام روایتی اور دوغلے سیاستدانوں کو ووٹ دینے کے بجائے واصل فاروق چمکنی کوووٹ دیں۔ جماعت اسلامی کی صادق اور امین قیادت ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی اور واصل فاروق عقیدہ ختم نبوتؐ اور ناموس رسالتؐکے محافظ ہیں، ناموس رسالتؐپر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔واصل فاروق چمکنی دینی طبقے اور تنظیموں کے واحد متفقہ امیدوار ہیں۔