قائداعظم یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا طلباء ہڑتال میں ملوث بیرونی عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) قائداعظم یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے حکومت چانسلر صدر مملکت ممنون حسین، پروچانسلر وزیرمملکت تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن سے مطالبہ کیا ہے کہ طلباء ہڑتال میں ملوث بیرونی عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وائس چانسلر سے فوری استعفیٰ لیا جائے۔ جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشتیاق، جنرل سیکرٹری جمیل اسلم، ڈاکٹر آصف علی اور ڈاکٹر گلریز و دیگر نے کہا کہ 15روز سے جاری ہڑتال سے حرف اول کی یونیورسٹی کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے جس کے ذمہ دار یونیورسٹی انتظامیہ اور وائس چانسلر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 88 فیصد طلباء تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیںلیکن صرف مٹھی بھر باہر سے آنے والے اور سابق طلباء جو یونیورسٹی کے ہاسٹلز پر بھی قابض ہیں، پوری یونیورسٹی کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلباء کے جائز مطالبات حل ہونے چاہئیں لیکن جو صورتحال بنی ہوئی ہے اس کے فوری خاتمہ کے لئے اقدامات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کالونی یرغمال ہے۔

اساتذہ کی بے حرمتی اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی جو بیرونی عناصر کی کارروائی ہے۔ اساتذہ کے بچے سکولوں کو جا نہیں پا رہے۔ ہائرایجوکیشن کمیشن کی وائس چانسلر سے متعلق رپورٹ بھی سب کے سامنے ہے جو سٹینڈنگ کمیٹی کے فیصلوں کو بھی خاطر میں نہیں لا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری مداخلت کی جائے اور یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرائی جائیں اور وائس چانسلر کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

متعلقہ عنوان :