ڈی جی وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کا سفاری زو کے ویٹرنری ہسپتال کا دورہ

جانوروں و پرندوں کے بہتر علاج معالجے کیلئے مزید درکار ادویات اور مشینوں کی تفصیلات طلب

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو لاہور کو تفریح کے لئے آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت کی ہے،لائن اور ٹائیگر سفاری میں خو درو کانٹے دار جھاڑیوں کو فوری طور پر تلف کیا جائے تاکہ جانوروں کے زخمی ہونے کا احتمال نہ رہے۔

انہوں نے یہ بات سفاری زو کے دورے کے موقع پر کہی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سفاری زو چودھری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ سیل عامر مسعود اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈی جی وائلڈ لائف اینڈ پارکس نے سفاری زو کے بعض حصوں میں پانی کی عدم رسائی کے باعث خشک اور بنجر پڑے لانز کا نوٹس لیتے ہوئے واٹر چینلز اور سیوریج پائپ لائنوں کی بحالی اور جہاں ضرورت پڑے نئے واٹر چینلز بنانے اور سیوریج کی نئی پائپ لائن بچھانے کی بھی ہدائت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیاحوں کی سکیورٹی کے نظام کو مزید فعال بنانے کیلئے سفاری زو کے داخلی ٹکٹوں اور چیکنگ کے عمل کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور داخلی گیٹ سے پہلے ٹکٹنگ کائونٹر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جہاں سے پہلے گاڑیاں ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد داخلی گیٹ پر چیک کی جا سکیں تاکہ رش کے باعث سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے۔ اس موقع پر ڈی جی وائلڈ لائف نے سفاری زو کے داخلی راستہ کے درمیان واقع گرین بیلٹ پر اشتہاری حقوق کا ٹھیکہ حاصل کرنے والے کنٹریکٹر کا واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ٹھیکہ منسوخ کرنے کی بھی ہدائت دی ۔

خالد عیاض خان نے سفاری زو کے ویٹرنری ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور جانوروں اور پرندوں کی بہتر نگہداشت اور علاج معالجے کیلئے مزید درکار ادویات اور مشینوں کی تفصیلات بھی طلب کیں ،انہوں نے ہسپتال کے ویٹرنری ڈاکٹر اظہر کو مطلوبہ طبی آلات او ر دیگر سامان کے حوالے سے بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :