سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم کیخلاف حکومتی اپیل کی سماعت 24اکتوبرتک ملتوی

پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو اپیل عدم پیروی پر خارج کر دی جائے گی‘ لاہور ہائیکورٹ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم کے خلاف حکومتی اپیل کی سماعت 24اکتوبرتک ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو اپیل عدم پیروی پر خارج کر دی جائے گی۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل فل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ اور احتساب عدالت میں مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہاں فل بنچ بیٹھا ہے مگر حکومتی وکیل ٹرائل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں انہیں اس عدالت میں پیش ہونے کی کوئی پروا نہیں، آئندہ سماعت پر خواجہ حارث پیش نہ ہوئے توایڈووکیٹ جنرل پنجاب حکومت کے وکیل کے طور پر پیش ہوں،اگر آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حکومت کی طرف سے دلائل نہیں دیں گے تو اپیل عدم پیروی پر خارج کر دی جائے گی۔جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کر دی۔