Live Updates

شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کیخلاف ہرجانے کا کیس ، عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق فریقین کے وکلاء بحث کیلئے طلب

واقعہ اسلام آباد میں ہوا ، لاہور کی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا،دعوی خارج کرنے کا حکم دیا جائے‘ وکیل عمران خان کی استدعا ․شہباز شریف کا تعلق لاہور سے ہے ،اس عدالت کو اختیار ہے وہ کیس پر سماعت کر سکتی ہے‘ وکیل وزیر اعلیٰ پنجاب /سماعت 4نومبر تک ملتوی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) مقامی عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پانامہ پیپرز معاملے پر خاموش رہنے کے لئے اربوں روپے کی پیشکش کا الزام لگانے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانہ کی درخواست پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق فریقین کے وکلاء کو بحث کیلئے طلب کر لیا۔

گزشتہ روز لاہور کی سول عدالت کے جج عبدالغفار نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے دائر ہرجانہ کی درخواست پر سماعت کی۔شہباز شریف کے وکیل مصطفی رمدے نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پانامہ پیپرز کے معاملے پر خاموش رہنے کے لئے دس ارب روپے کی پیشکش کا شہباز شریف پر بے بنیاد الزام عائد کیا اور قوم کو گمراہ کیا، سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے شہباز شریف کی کردار کشی کی گئی۔

(جاری ہے)

عدالت سے استدعا ہے کہ شہباز شریف کی کردار کشی کرنے پر عدالت عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کی ڈگری جاری کرے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے وکیل ساجد منور قریشی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واقعہ اسلام آباد میں ہوا ہے، لاہور کی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا،عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ ناقابل سماعت ہے لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت دعوی خارج کرنے کا حکم دے۔جس پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے وکیل مصطفی رمدے نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا تعلق لاہور سے ہے اور اس عدالت کو اختیار ہے کہ وہ کیس پر سماعت کر سکتی ہے۔عدالت نے چار نومبر کو وکلاء کو مزید بحث کیلئے طلب کر لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات