سکھر،ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی اجلاس میں 962.534ملین روپے لاگت کی مختلف اسکیموں کی منظوری دے دی گئی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:47

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء)ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی کا اجلاس کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا ، اجلاس کے دوران تینوں اضلاع سکھر خیرپور اور گھوٹکی میں پروونشل ہائی ویز، ڈسٹرکٹ ہائی ویز، ڈسٹرکٹ بلڈنگس اور محکمہ پرووانشل بلڈنگس کے مجموعی طور پر 962.534ملین روپے لاگت کی مختلف اسکیموں کی منظوری دی گئی، جبکہ جی ایم سی سکھر کی82ملین روپے کی اسکیموں کو آئندہ اجلاس کے لئے مئوخرکر دیا گیا جبکہ ایجوکیشن ورکس کی مختلف اسکیموں کے لئے مالی سال 2017-18میں رکھے گئے فنڈز اور اسکیموں کی پیش رفت کے بارے میں بھی غور و فکر کیا گیا ۔

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پرائمری ، ایلیمنٹری، میڈیکل، سیکنڈری ، ہائر سیکنڈری ایجوکیشن اور کالجز کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے گذشتہ سال جتنے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، انہوں نے ایجوکیشن ورکس کے سپرنٹنڈینٹ انجینئر کو کہا کہ اسکیموں کی تعمیر کے وقت مخدوش حالؒ اسکولوں کو اولیت دی جائے تا کہ زبوں حال اسکولوں کو بہتر بنا کر بچوں کے مستقبل کو محفوظ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سکھر ضلع میں پراوونشل ہائی ویزکی119.809ملین، پراوونشل بلڈنگس کی 121.936ملین ، ڈسٹرکٹ ہائی ویز کی 51.347ملین، ڈسٹرکٹ بلڈنگس کی 12.317ملین ، خیرپور ضلع کے لئے پراوونشل ہائی ویزکی 223.151ملین ، پراوونشل بلڈنگس کی 12.314ملین ، دسٹرکٹ ہائی ویز کی 95.635ملین ، ڈسٹرکٹ بلڈنگس کی12.807ملین، گھوٹکی ضلع کے لئے پراوونشل ہائی ویز کی 113.884ملین ، پراوونشل بلڈنگس کی 32.219ملین ، ڈسٹرکٹ ہائی ویز کی 48.807ملین ، ڈسٹرکٹ بلڈنگس کی3.255ملین کی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے تمام متعلقہ محکموں کے انجینئرز کو ہدایت کی کہ تمام اسکیموں کو بر وقت اوور سائیٹ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے ۔ اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ عوامی مفاد اور بھلائی کی اسکیموں کو اولیت دی جائے ، جس کے ذریعے لوگوں کوفائدہ اور ریلیف مل سکے۔ کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ اسکیموں کی تکمیل کے وقت قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور اسکیموں کی تکمیل تک ان کی کال ڈپازٹ رقم واپس نہ کی جائے اس ضمن میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، انہوںنے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر اسکیموں کے کام ، رفتار اور مٹیریل کے سلسلے میں نگرانی کریں اور معیار پر کوئی بھی سودے بازی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

کمشنر سکھرڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے اجلاس کے دوران تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے دفاتر کے اندورنی اوربیرونی حصوں کی صفائی ستھرائی پر خاص توجہ مرکوز کریںاس ضمن میں وہ خود آفس کا اچانک دورہ کرینگے اور صفائی ستھرائی نہ ہونے کی صورت میں افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو ، ڈی سی گھوٹکی اعجاز علی شاہ ، اے ڈی سی خیرپور محمد عثمان خالد اور دیگر متعلقہ محکموںکے انجینئرز اور افسران نے بھی شرکت کی۔