عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:46

اوکاڑہ۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل کیلئے تمام محکمے مربوط کاوشیں کریں ، دیہی اور شہری علاقوں میں عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں، سکیموں کی منظوری سے لے کر ان پر کام شروع کرنے اور ا ن کی تکمیل کے مراحل میں نگرانی کیلئے متعلقہ افسران فول پروف انتظامات کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017/18ء کی 11سکیموں جن پر 55ملین روپے خرچ آئیں گے، سی ایم ڈائریکٹیو کی 9سکیموں پر 260ملین روپے خرچ ہوں گے اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گول 17/18فیز ٹو کی 138سکیموں کی مشروط منظوری دی گئی جن پر 465ملین روپے خرچ ہوں گے ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان تمام ترقیاتی سکیموں سے جن پر تخمینہ جات ڈرائنگ پر کمیٹی کے جو بھی تحفظات ہیں انہیں دور کیا جائے تاکہ ان پر جلد سے جلد کام شروع ہو سکے، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی لاگت کا ایک فیصد ان سکیموں کی شجر کاری پر خرچ کیا جائے۔