ایشیا ہاکی کپ کے سپر فور راؤنڈ، شاہینوں کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم

پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر، گرین شرٹس کی جانب سے واحد گول اعجاز احمد نے کیا میچ کے بہترین گول کا ایوارڈ اعجاز احمد کو ملا جبکہ پاکستان کے محمد رضوان سینئر شاندار کھیل پیش کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا میچ 21 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر ملائشیا ایک میچ کھیل کر 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ، جنوبی دوسری پوزیشن پر براجمان ، بھارت کی تیسری پوزیشن

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:40

ایشیا ہاکی کپ کے سپر فور راؤنڈ، شاہینوں کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات ..
ڈھاکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) ایشیا ہاکی کپ کے سپر فور راؤنڈ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا شاہینوںکے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہوگئے ۔ گرین شرٹس کی جانب سے واحد گول اعجاز احمد نے کیا۔بنگلا دیشی دارالحکومت ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں گرین شرٹس کی جانب سے اعجاز احمد نے خوبصورت فیلڈ گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی تاہم وقفے کے بعد کورین ٹیم نے گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستان کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے تاہم کامیابی نہ مل سکی اور مقابلہ ایک ایک گول سے برابری کی سطح پر اختتام پذیر ہوا۔ میچ کے بہترین گول کا ایوارڈ اعجاز احمد کو ملا جبکہ پاکستان کے محمد رضوان سینئر شاندار کھیل پیش کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا میچ 21 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر ملائشیا ایک میچ کھیل کر 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ جنوبی کوریا نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور دوسرے میں ناکامی ہوئی اور وہ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔بھارت اب تک سپر فور مرحلے کا جنوبی کوریا کے خلاف ایک میچ کھیل چکا ہے اور نتیجہ برابری کی نکلنے پر اسے ایک پوائنٹ ملا، جس کے ساتھ وہ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں ناکامی اور دوسرا میچ برابر ہوا اور اس طرح گرین شرٹس اسکورنگ ٹیبل میں ایک پوائنٹ کے ساتھ سب سے پیچھے ہے۔ گزشتہ روز سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں ملائشیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی۔جب کہ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :