سیالکوٹ،گرلز ڈگری کالج چونڈہ 600طالبات کیلئے 7لیکچرارتعینات ،15آسامیاں خالی ،طالبات کا مستقبل تاریک ہونے لگا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 21:16

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء)گرلز ڈگری کالج چونڈہ 600طالبات کیلئے 7لیکچرارتعینات ،15آسامیاں خالی ،طالبات کا مستقبل تاریک ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چونڈہ کی تعمیر 2006ء میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے ہوئی اور 2011ء میں ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے اس کے لئے 22لیکچرار کی نشستیں مخصوص کرکے طالبات کے داخلے شروع کئے۔

تاہم 6سال گزرنے کے باوجود کالج میں 600سے زائد طالبات کیلئے 7لیکچرار تعینات ہیں جس کی بناء پر سائنس اور آرٹس کی طالبات اکثر مضامین پڑھنے سے قاصر ہیں اور ان کا قیمتی وقت ضائع ہورہاہے۔ جس کی بناء پر طالبات کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ طالبات ،نورین ،افشاں، شگفتہ ، ایمان فاطمہ، ماریہ، ثمینہ ،جویرہ وغیرہ کا کہناہے کہ وہ پسرور اور سیالکوٹ کے دور دراز تعلیم جاری نہ رکھ سکتی ہیں جس کی وجہ سے چونڈہ کالج میں داخلہ لیا تھا تاہم لیکچرار کی کمی کے باعث ان کی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد کالج میں لیکچرار کی خالی آسامیاں کو پر کیا جائے تاکہ ان کا مستقبل تاریک ہونے کی بجائے روشن ہو اور وہ ملک وقوم اور آنے والی نسلوں کی خدمت کرسکیں۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال کلویا سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہناہے کہ یہ صرف چونڈہ ڈگری کالج میں نہ ہے بلکہ پورے پنجاب کے کالجز میں لیکچرار کی آسامیاں خالی ہیں جس کے لئے حکومت پنجاب نے بھرتی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ جلد تعیناتیاں کردی جائیں گی۔