اج احتساب عدالت سے فرد جرم عائد ہونے کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کا خاندان ملزم اور کنفرم چور ثابت ہوچکا ہے، اشرف بھٹی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 20:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے این اے 129کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے شریف فیملی پر فرد جرم عائد ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج احتساب عدالت سے فرد جرم عائد ہونے کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کا خاندان ملزم اور کنفرم چور ثابت ہوچکا ہے اب ان کو قومی خزانے کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس کرنا پڑے گی ملزم اب بھی سرکاری پروٹول میں احتساب عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں ان کو ملزمان کی طرح ہی عدالتوں میں پیش ہونے کا پابند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ (ن) کو حکومت اور ملزم میں فرق کرنا پڑے گا اب حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ ملزم کے ساتھ ہے قومی یا ادارو ں کے ساتھ ہیں مریم نواز بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اب بھی ملکی اداروں پر الزامات لگا رہی ہے ، فرد جرم ہونے کے بعد شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق وہی سلوک کیا جائے جو ایک ملزم کے ساتھ کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہونے والی ہے شائد شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف نے میاں نواز شریف کے سیاسی مستقبل کا منظر نامہ دیکھ لیا ہے اسی لئے انہوں نے ابھی سے ان سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور اپنے سیاسی راستے الگ کر لئے ہیں کیونکہ انہیں علم ہے کہ سیاسی میدان سے میاں نواز شریف کی چھٹی ہونے والی ہے