درگئی میں صفائی مہم اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:22

ملاکنڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)تحصیل درگئی میں صفائی مہم اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ۔صفائی مہم کاباقاعدہ آغاز تحصیل ناظم درگئی عبد الرشید بھٹو اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی عالمگیر خان نے درگئی بازار میں جھاڑو دیکر کیا ۔ اس موقع پر تحصیل میونسپل آفیسر درگئی فخر الاسلام ، ٹی او آر حاجی نوشا علی خان اورانچارج حسین خان سمیت تحصیل کونسل درگئی کے آرکین بھی موجود تھیں ۔

اس موقع پر تحصیل ناظم درگئی عبد الرشید بھٹو نے کہا کہ اگلے ہفتے پورے تحصیل درگئی کے بازاروں کو ڈسٹ بین بھی فراہم کئے جائینگے جس سے دکانداروں کے تعاون سے بازاروں کے صفائی اور رونق میں اضافہ ہو گا اور تحصیل درگئی کے عوام کو شفاف ماحول فراہم ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور تحصیل حکومت درگئی صفائی مہم پر خصوصی اور بھر پورتوجہ دے رہی ہے۔

تحصیل ناظم نے کہا کہ بازاروں میں کھڑے گاڑیوں اور ٹیکسی کے لئے سٹینڈ قائم کیا گیا ہے جسے استعمال میں لاکر ٹریفک مسائل ختم کئے جاسکتے ہیں ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عالمگیر خان نے کہا کہ کسی صورت عوام کو مشکلات سے دوچار نہیں ہونے دینگے ۔ تحصیل حکومت درگئی نے ہر شعبہ میں اقدامات اُٹھا کر مخصوص جگہ کا تعین کیا ہے جس سے کوئی بھی تجاوز نہیں کریگا بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی ایکشن لی جائیگی اور انہیں بھاری جرمانہ کیا جائیگا ۔ اس موقع پر انہوں نے سرکاری حدودات میں قائم کئے گئے تجاوزات بھی ہٹائے اور کہا کہ ہر دکاندار اور چھابڑی فروش اپنے اپنے حدودات میں رہتے ہوئے کاروبار کریں اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے سے گریز کریں ۔