بہاولپور ،قومی معیشت کو دیوالیہ پن سے دوچار کرنے والے حکمران فوری مستعفیٰ ہوں، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

ملکی معیشت کو گروی رکھ کر قومی سلامتی اور خود مختیاری کو دائو پر لگانے والے لٹیرے حکمرانوں کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں،قرض اٴْتارو ملک سنوارو کے جھوٹے اور دلفریب نعروں کی آڑ میں پاکستانی معیشت کو قرضوں کی دلدل میں غرق کردیا گیا،اقتصادی دیوالیہ پن سے بچنے کے لئے چور حکمرانوں سے ریاست کو بچانا ہوگا، رہنمائوں کا مشترکہ بیان

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:18

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) قومی معیشت کو دیوالیہ پن سے دوچار کرنے والے حکمران فوری مستعفیٰ ہوں،ملکی معیشت کو گروی رکھ کر قومی سلامتی اور خود مختیاری کو دائو پر لگانے والے لٹیرے حکمرانوں کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں،قرض اٴْتارو ملک سنوارو کے جھوٹے اور دلفریب نعروں کی آڑ میں پاکستانی معیشت کو قرضوں کی دلدل میں غرق کردیا ہے۔

اقتصادی دیوالیہ پن سے بچنے کے لئے چور حکمرانوں سے ریاست کو بچانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار مخدوم سید احمد محمود صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب،شوکت محمود بسراء سیکریٹری انفارمیشن،محمد سلیم بھٹی ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نے اپنے مشترکہ بیان میں موجودہ قومی حالات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کر کے ریاستی دفاعی اور اوقتصادی تباہی کی جانب دھکیلنے والے سامراجی گماشتے حکمران محب وطن نہیں،ان کی لوٹ مار سے جو تباہی ہو رہی ہے اس کے نتیجے میں وطن عزیز کو نہ صرف معاشی ایمرجنسی کے حالات کا سامنا ہے بلکہ غریب اور متوسط طبقہ بھی مہنگائی ،افراط زر کے ہاتھوں معاشی قتل ہو رہا ہے،اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ،مزدور طبقہ آلو،پیاز،اور ٹماٹر سمیت نمک مرچ خریدنے کی سکت سے بھی محروم ہورہا ہے وہ اپنے بچوں کو بنیادی تعلیم اور صحت کی سہولیات سے کیسے استفادہ کروائے گا۔

(جاری ہے)

ایل این جی کے معاہدوں میں 200 ارب کا ٹیکہ لگا کر نام نہاد شریف خاندان نے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔وزیر اعظم مجرم ، وزیرخزانہ اور وزیر خارجہ قومی ملزم ہوں تو ریاست سے وفاداری کیسے ممکن ہے،عوام تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،انٹری ٹیسٹ کی آڑ میں غریب عوام کو ٹیکہ لگا کر مخصوص خاندانوں کو نوازنے کا سلسلہ جاہلانہ اور بیوقوفانہ ہی نہیں لوٹ مار اور کرپشن پر مبنی طریقہ بھی ہے۔

چور وزیر خزانہ قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر کس بیرونی آقا کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ، انہوں نے سرکاری پروٹوکول کے ناجائز استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نا اہل اور سزا یافتہ سابق وزیر اعظم کی اولاد کس حیثیت میں ریاستی ،سرکاری پروٹو کول استعمال کررہی ہے، وزراء بھی ریاستی ملازم ہو کر عوامی سرمائے کی آمدن سے تنخواہیں وصول کرنے والے ریاستی ملازم اور نمائندے ہیں وہ سرکاری ملزمان اور مجرمان کا دفاع کس حیثیت میں کررہے ہیں ،عدلیہ کو اس بات کی بھی جواب طلبی کرنی چاہئے تاکہ سرکاری وسائل کی لوٹ کھسوٹ بند ہو۔

حکمران اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے سرکاری پروٹوکول کی آڑ میں کرپشن پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پائیدار ترقی اور امن و امان کے قیام کے لئے قربانیاں دیکر وطن عزیز کو مستحکم کیا ۔آئندہ بھی عوامی طاقت سے برسر اقتدار آکر بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک کو مظبوط اور مستحکم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :