اراکین اسمبلی زرعی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں،وزیر زراعت

کسانوں کو کھاد پر بھاری سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ ان کی فی ایکڑ لاگت میں کمی ہو اور وہ مالی طور پر خوش حال ہوں

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی زرعی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، اراکین اسمبلی عوامی نمائندے ہیں اور وہ کسان کے ترجمان ہیں۔کسانوں کو کھاد پر بھاری سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ ان کی فی ایکڑ لاگت میں کمی ہو اور وہ مالی طور پر خوش حال ہوں ۔ہر صورت کسانوں کے مالی مفاد کا تحفظ کیا جائے گا ۔

پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینولا کی کاشت پر 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی سے کسان بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔ کسان کی خوشحالی سے ہی ملک کی خوشحالی وابستہ ہے ۔کینولا اگائو خوشحال ہو جائومہم ابتداء میں ہی کامیاب ہو گئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس مہم میں برقی انداز میں تبدیلی آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان اور محکمہ زراعت باہم منسلک ہیں ۔

دونوں میں چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ محکمہ زراعت کسانوں کی خوشحالی کے لیے دن رات کام کر رہا ہے ۔ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں زرعی اجناس کی بہتر پیداوار کے لیے کام کریں اور محکمہ زراعت اراکین اسمبلی سے بھرپور تعاون کرے گا۔ کپاس کی پیداوار بہترین ہوئی ہے کسان کو اس کی بہتر قیمت دلوانے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کر رہے ہیں ۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ چاول کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور دنیا بھر میں ہمارا چاول معیاری قرار دیا گیا ہے ۔

خادم اعلیٰ کا کسان پیکج تاریخی اہمیت رکھتا ہے ۔اس پیکج سے کسان میں نیا جذبہ پیدا ہوا ہے اور وہ مزید لگن سے ہل چلار ہا ہے ۔ عوام محکمہ زراعت کے کچن گارڈننگ پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور گھروں میں تازہ سبزیاں کاشت کریں۔ اراکین اسمبلی محکمہ زراعت کے منصوبوں بارے کسانوں کو آگاہی فراہم کریں اور انہیں پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لیے محکمہ سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :