سوشل سکیورٹی اپر ویج میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایس ایم منیر

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے لیبر، ای او بی آئی اور سیسی زاہد سعید نے سوشل سیکیورٹی کی اپر ویج میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپر ویج کی حد 10 ہزار سے 22400 کرنے کا فیصلہ واپس لینا خوش آئند ہے جس کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر محنت و افرادی قوت ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری عبد الرشید سولنگی مبارکباد کے مستحق ہیں، اس اضافے پر صنعت کار اور آجروں کے تحفظات تھے اور یہ اضافہ بامعنی مشاورت کے بغیر کیا گیا تھا، صوبائی حکومت نے اس فیصلے سے متعلق صنعت کار اور آجروں کی شکایات دور کرکے قابل تحسین اقدام کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے لیبر، ای او بی آئی اور سیسی زاہد سعید کا کہنا تھا کہ اپر ویج میں یک دم اضافے کے فیصلے پر بے چینی پائی جاتی تھی، فیصلے میں تبدیلی کے جاری ہونے والا نوٹیفیکیشن خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری لیبر ڈپارٹمنٹ عبدالرشید سولنگی نے فعال کردار ادا کیا ہے اور ان کے اقدامات قابل تحسین ہیں، جس پر ہم ان کے کردار کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ باہمی مشاورت سے دیگر امور کو بھی حل کر لیں گے۔

زاہد سعید نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ سیسی میں انرولمنٹ کے لئے ایمنیسٹی اور سیسی، ای او بی آئی اور دیگر محکموں کے حوالے سے ہونے والی ادائیگیوں اور دیگر ضابطے کی کارروائیوں کے لیے ون ونڈو آپریشن کا مطالبہ بھی جلد منظور کرلیا جائے گا۔