عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا عزم ہے، جان محمد بلوچ

چیئرمین بلدیہ ملیر کی ہدایت پرچکن گنیا کی تشخیص و علاج کیلئے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) چیئرمین بلدیہ عالیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے ،گندگی،آلودگی اور بے احتیاطی بیماریوں کے پھیلائو کی بنیادی اور بڑی وجوہات ہیں،کچرے،ملبے،دھول ،مٹی اور آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول بیماریوں کی روک تھام میں معاون ثابت ہوتا ہے ،ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے زہریلے حشرات کی پیدائش اور افزائش کی روک تھام کے ذریعے مختلف وبائی بیماریوں سے محفوظ رہنا ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے اِن خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین عبدالخالق مروت ، میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ محکمہ صحت بلدیہ ملیر کے زیر اہتمام آسو گوٹھ میٹرنٹی ہوم میں چکن گنیا کی تشخیص و علاج کیلئے لگائے گئے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کے دورے کے دوران معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ ملیر نے عوام کو چکن گنیا سے بچائو اور آگاہی کیلئے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیئے۔ اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر ملک، انچارج آسو گوٹھ میٹرنٹی ہوم، ڈائریکڑ انفارمیشن سلیم خان ،پی ایس چیئرمین عمر جان بلوچ، ڈاکٹر ز و پیرا میڈیکل اسٹاف اور یوسی کے بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔ فری میڈیکل کیمپ سے سینکڑوں کی تعداد میں مقامی افراد نے فائدہ حاصل کیا اور موقع پر موجود علاقہ معززین نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ ، وائس چیئرمین عبدالخالق مروت سے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر تشکر کا اظہار کیا ۔

ڈاکٹر طاہر ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چکن گنیا ایک مخصوص مچھر کے کاٹنے سے ہونے والا وائرل بخار ہے یہ مچھر عموماً گھروں کے اندر ٹھہرے ہوئے صاف پانی میں پرورش پاتے ہیں اور دن کے اوقات میں کاٹتے ہیں یہ بیماری ایشیاء،افریقہ،یورپ اور امریکا کے علاوہ60سے زائد ممالک میں انسانوں کو متاثر کررہی ہے،انہوں نے بتایا کہ تیز بخار،ہاتھ پیروں اور جوڑون میں شدید درد اس بیماری کی ابتدائی علامات ہیں اس کے علاوہ جوڑوں میں سوجن،جسم میں مخصوص سرخ دھبوں کی موجودگی،جسم میں درد،تھکاوٹ ،شدیدسردرد،متلی وغیرہ بیماری کی علامات میں شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاحال اس بیماری کیلئے کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے تاہم احتیاطی تدابیر پینے کی چیزوں ،جوس وغیرہ کے استعمال سے اس بیماری پر قابو پایا جاسکتا ہے،عوام کو چکن گنیا سے بچائو اور آگاہی کیلئے ہنڈ بلز تقسیم کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :