قصبہ دلہہ میں 8مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ادھیڑ عمر خاتون کو قتل کر دیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 18:59

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) قصبہ دلہہ تھانہ نیلہ کے علاقے میں 8 مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ادھیڑ عمر خاتون کو قتل کر دیا۔ بابر منیر ولد محمد منیر نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے اہل خاندان کے ہمراہ گھر میں موجود تھا تو رات کو گلی میں شور کی آوازیں آئیں۔ گلی میں دیکھا تو تاج محمد خان ولد سلطان خان، وصی حیدر ، عرفان حیدر پسران سرفراز خان، فیضان حیدر ولد تاج محمد، حسین ولد محمد اسلم، سردار احمد عباس اور اس کا بھائی سردار وجاہت علی پسران نواب خان، عاطف ولد نور خان موجود تھے ، تاج محمد خان نے کہا کہ اپنے چچا محمد رفیق نسیم کو باہر نکالو آج اسے دکان خالی کرانے کے مطالبے کا مزہ چکھاتے ہیں اور ساتھ ہی تاج محمد خان نے بلند آواز اپنے ہمرایوں کو شہ دیتے ہوئے کہا کہ آج محمد رفیق، نسیم اور اس کا حمایتی جو بھی سامنے آئے اسے جان سے مار دو۔

(جاری ہے)

میرا چچا محمد رفیق نسیم ولد محمد خان اور خالد محمود ولد سید اللہ خان آگئے اور اس دوران تاج محمد خان اور اس کے ساتھی ملزمان نے چچا محمد رفیق کو پکڑنے کی کوشش کی تو محمد رفیق موقع پاکرہمارے گھر میں داخل ہوگیا جس پران کا پیچھا کرتے ہوئے ملزمان بھی ہمارے گھر میں زبردستی گھس آئے۔ اس دوران میری والدہ امیر بانو عمر66سال چچا اور وصی حیدر کے درمیان آگئی اور منت سماجت کرنے لگی مگر وصی حیدر نے منت سماجت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے پستول سے سید ھا فائر کیا جو اس کی چھاتی پر دائیںجانب لگا جس سے وہ موقع پر گر گئی۔

وصی حیدر اور تاج محمد خان، عرفان حیدر اپنے اپنے اسلح سے ہوائی فائرنگ کرتے للکارتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ امیر بانو کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال لے جایا جا رہا تھا کہ اس نے زخموں کی تاب نہ لاکر جان دے دی، ہومیو سائیڈ سرکل کے سب انسپکٹر مختار احمد نے امیر بانو کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ملزمان بااثر سیاسی لوگ ہیں اور سردار تاج محمد خان نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر یونین کونسل دلہہ کے چیئرمین کا الیکشن بھی لڑا تھا مگر اسے شکست ہوئی تھی۔ امیر بانو کے قتل پر پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :