کارکنوں کی جانوںکی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو رحمت اللہ بلوچ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 18:59

کوئٹہ۔ 19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی ای)بلوچستان کے زیر اہتمام یومِ تحفظ لائن مین اور ایمائل راجہ الیکٹریشن فٹرکی کرنٹ سے موت پر یوم سوگ منایا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفس کوئٹہ میں مزدوروں کے ایک بڑے اجتماع سے یونین کے رہنمائوں محمد رمضان اچکزئی، سید محمد لہڑی، عبدالحئی، عبدالباقی لہڑی، محمد یار علیزئی، ملک آصف اعوان اور سید آغا محمد سمیت زونل عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ کیسکو میں ایک یا دو ملازمین کام کے دوران بجلی کے کرنٹ سے موت کا شکاریا عمر بھر کیلئے معذور ہوجاتے ہیں۔

سی بی اے یونین نے حکومت اور کیسکو انتظامیہ کو کارکنوں کی جان کی حفاظت سے متعلق تجاویز پیش کیں اور مطالبہ کیا کہ حکومت اور کیسکو انتظامیہ کارکنوں کی المناک اموات اور معذوری کو روکنے کیلئے اسٹاف کی کمی کو پورا کرے، کارکنوں کو معیاری ٹی اینڈ پی فراہم کرے، تمام سب ڈویژنز میں گاڑیوں کا بندوبست کیا جائے، کارکنوں کو کام کیلئے بہتر ٹریننگ دی جائے، میرٹ اور شفاف طریقے سے ان لوگوں کو بھرتی کیا جائے جو مفت کی تنخواہ کے بجائے ادارے کیلئے کام کریں۔

(جاری ہے)

55سال کے لائن مینوں کی جگہ لائن مینII- کو پرموشن دینے، 55سال کے لائن مین کوسپروائزر گریڈ 14- دینے اور ان کے ڈینجر الائونس کو دیگر کمپنیوں کی طرح پروٹیکٹ کرنے، تمام کارکنوں کی پرموشن اور اپ گریڈیشن بروقت کرنے، دیگر کمپنیوں کی طرح کیسکوکے ملازمین کیلئے بھی عیدالفطر کا بونس منظور کرنے اور کارکنوں کے رہائشی مسائل حل کرنے سمیت مزدوروں کو کام کے دوران سیفٹی فراہم کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مطمئن حالات میں کام کرنے والا لائن مین ادارے کیلئے بہتر طور پر کام کرسکتا ہے اس وقت وفاقی سیکریٹری توانائی اور ایم ڈی پیپکو نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی حادثہ رونماء ہونے پر سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایکسین ذمہ دار تصور ہوں گے۔انہوں نے کمیٹیوں کو فعال بنانے، میٹنگ کا انعقاد کرنے اور آگاہی مہم کے ذریعے کارکنوں کو آگاہ کرکے سیفٹی کوڈ پر عمل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ شہید کارکنوں اور معذور کارکنوں کے بقایاجات اور ان کے بچوں کی بھرتی کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرے۔انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین نے ورک کونسل میٹنگ کیلئے کیسکو انتظامیہ کو ایجنڈا دیا ہے جس پر 04نومبر کو میٹنگ منعقد ہوگی اورہم امید رکھتے ہیں کہ کیسکو انتظامیہ ملازمین کی جانوں کی حفاظت سمیت ان کے تمام مسائل فوری طور پر حل کرے گی۔

اس موقع پر کیسکو انتظامیہ کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو رحمت اللہ بلوچ نے مزدوروں کے اجتماع میں آنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت اور کیسکو انتظامیہ کارکنوں کی جانوںکی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کیسکو انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے بعض اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب کیسکو کے تمام لائن مینوں کیلئے معیاری ٹی اینڈ پی فراہم کی جائے گی۔انہوںنے یقین دلایا کہ کیسکو ملازمین کے بونس سمیت دیگر تمام مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔