Live Updates

شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کیخلاف دس ارب روپے ہرجانہ کی درخواست پرفریقین کے وکلاء بحث کیلئے طلب

جمعرات 19 اکتوبر 2017 18:02

لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) لاہور کی سول عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پانامہ پیپرز میں اربوں روپے کی پیشکش کا الزام لگانے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانہ کی درخواست پر عدالتی سماعت سے متعلق فریقین کے وکلاء کو بحث کیلئے طلب کر لیا۔لاہور کی سول عدالت کے جج عبدالغفار نے شہباز شریف کی جانب سے دائر ہرجانہ کی درخواست پر سماعت کی۔

شہباز شریف کے وکیل مصطفٰی رمدے نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پانامہ پیپرز کے معاملے پر شہباز شریف کی جانب سے دس ارب روپے کی پیشکش کا بے بنیاد الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر الزام عائد کر کے قوم کو گمراہ کیا، سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے شہباز شریف کی کردار کشی کی،مصطفی رمدے نے شہباز شریف کی جانب سے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کی کردار کشی کرنے پر عدالت عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کی ڈگری جاری کرے،عمران خان کے وکیل ساجد منور قریشی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واقعہ اسلام آباد میں ہوا ہے، لاہور کی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا،عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعوی ناقابل سماعت ہے ،عدالت عمران خان کے خلاف دس ارب ہرجانے کا دعوی خارج کرنے کا حکم دے،شہباز شریف کے وکیل مصطفی رمدے نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا تعلق لاہور سے ہے اور اس عدالت کو اختیار ہے کہ وہ کیس پر سماعت کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے چار نومبر کو وکلاء کو مزید بحث کیلئے طلب کر لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :