لاہور ہائیکورٹ کی پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی انکوائری کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی ہدایت

جمعرات 19 اکتوبر 2017 18:02

لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات میں پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف عدالتی حکم پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گزار طالبعلم خرم شہزاد نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود پی ایچ ڈی کے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کی انکوائری نہیں کی جارہی، انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی سے تعاون نہ کرنے والی ڈاکٹر نوشین سلیم کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے، انہوں نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات میں پی ایچ ڈی کے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں من پسند امیدواروں کو اضافی نمبر دے کر پاس کیا گیا، داخلہ ٹیسٹ کے نتائج میں بے ضابطگیاں کرتے ہوئے پاس شدہ امیدواروں کو جان بوجھ کر فیل کیا گیا جو کہ میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کے ساتھ واضح طور پر امتیازی سلوک ہے،جس پرعدالت نے داخلہ ٹیسٹ کے امتحانی پیپرز کی دوبارہ جانچ پڑتال کرنے اور داخلہ ٹیسٹ میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کی انکوائری کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ عنوان :