عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائیں گے، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء)عوامی مسائل کے حل کیلئے یوسی 17 پاکستان کوارٹر میں کھلی کچھری منعقد ہوئی جس میں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور اور رابطہ کمیٹی رکن رابطہ کمیٹی نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عوام کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب، لائیٹس کی صورتحال، کچر ااٹھانے اور ٹھکانے لگانے، کے الیکٹر ک و دیگر مسائل کے حوالے سے شکایات کی گئیں۔

چیئرمین معید انور نے تمام مسائل سننے کے بعد عوامی وفود کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو کام ہمارے دائرہ اختیار میں ہیں انہیں فوری حل کر دیا جائیگا بالخصوص لائیٹس کی درستگی اور پارک کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں گے جبکہ فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو بھی آن بورڈ لے کر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، علاوہ ازیں عوام نے کے الیکٹرک کی جانب سے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے زندگی اجیرن کردی ہے، ایک تو بے وقت لوڈ شیڈنگ کرکے علاقہ مکینوں کو ذہنی کوفت کا شکار کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے جانب اضافی بل لگاکر بھیجے جار ہے ہیں لہذا اس کے سدباب کیلئے بھی اقدامات کیئے جائیں۔

(جاری ہے)

رکن رابطہ کمیٹی گلفراز خٹک نے اس موقع پر کہا کہ منتخب نمائندوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو سمجھا اور اس کے حل کیلئے اقدامات کیئے ہیں، ہماری کوشش یہی ہے کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات مہیا ہوسکیں، اس موقع پر انہوں نے عوام سے کہا کہ جو کام بلدیہ شرقی کے دائرہ اختیار میں ہیں انہیں چیئرمین معید انور حل کر وائیں گے اور دیگر جو بھی عوام کے مسائل ہیں اس کے حل کے لیئے متعلقہ اداروں کے افسران سے رابطہ کر کے انہیں حل کروانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، ہمارا مقصد شہر کراچی کے تمام علاقوں میں بسنے والے باسیوں کو بلا تفریق بلدیاتی و دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اس کیلئے ہمارے منتخب بلدیاتی نمائندگان شب و روز محنت کرکے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر یوسی 17 کے چیئرمین سید محمد شعیب اور وائس چیئرمین سرور احسن اور سپریٹینڈنگ انجنئیر بلدیہ شرقی شفیق الرحمن ودیگر افسران بھی موجود تھے۔