الخدمت فا ؤنڈیشن کے تحت دیوالی پر ہندو مستحق خاندانوں میں تحائف تقسیم

قیام امن کیلئے مذہبی رواداری کو فروغ دینا ہو گا،الخدمت رنگ ،نسل ومذہبی تفریق کے بغیر خدمت کر رہی ہے،سید احسان اللہ وقاص

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے اخوت کے تعاون سے ہندو ؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر250مستحق ہندو خاندانوں میں ملبوسات ، 400 لحاف ، 6 مندروں میں واٹر چلرز، ڈسپنسرز اور دیگر تحائف تقسیم کر دیئے ،دیوالی کے موقع پر الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے سندھ بھرمیں تحائف تقسیم کی خصوصی تقریبات اور ظہرانے و عشائیے کا اہتمام کیا گیا ،جس میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سینئرنائب صدر سید احسان اللہ وقاص ، الخدمت اقلیتی امور کے منیجر ڈاکٹر شنکر لال اورالخدمت کے ذمہ داران سمیت ہندوبرادری کے معززین نے بڑی تعدا میں شر کت کی۔

ہندو خاندانوں میں دیوالی کے تحائف تقسیم کی موقع پر الخدمت فائونڈیشن کے سینئرنائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور الخدمت فائونڈیشن اِسی ضرورت کے تحت اخوت کے تعاون سے ہر سال دیوالی کے موقع پر مستحق اور نادار ہندئو خاندانوں میں تحائف کی تقسیم کا اہتمام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے ہندو محب وطن ہیںاور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سید احسان اللہ وقاص نے بین المذاہب یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی اور روا داری کو فروغ دینا ہو گا تاکہ معاشرے میں امن قائم ہو سکے ۔اس موقع پرڈاکٹر شنکر لال سمیت دیگر اقلیتی رہنماؤں کی جانب سے الخدمت فائونڈیشن اور اخوت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر خصوصی تقریبات کے انعقاد سے ہمیں تحفظ کا احساس ہوا ہے اور ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیںجس کے لئے ہم الخدمت فائونڈیشن اور اخوت کے شکر گزار ہیں۔