عوام کو بنیادی مسائل سے پاک ماحول اور صاف ستھرا صحت مند معاشرہ باہمی تعاون سے تشکیل دیا جائیگا ،سید نیئر رضا چیئرمین بلدیہ کورنگی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء)چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کا تمام محکماجاتی سربراہان کو ضلعی حدود میں بلدیاتی مسائل کے فوری تدارک کے لئے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے تاجروں ،صنعتکاروں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے ،گلیوں ،محلوں اور شاہراہوں پر کچرا ،مٹی ملبہ اور بلڈنگ میٹریل پھنکنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے محکمہ صفائی بلدیہ کورنگی کو روک تھام کے لئے موثر نگرانی کے ذریعے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے وائس چیئر مین سید احمر علی کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیہ کورنگی کے تحت صفائی وستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ عوامی خدمات کے حوالے سے علاقائی سطح پر جاری انتظامات کو تیز کیا جائے ضلع کورنگی کے ہر محلے اور گلی کو مسائل سے چھٹکارہ دلا کر عوام کو بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچایا جائے انہوںنے کہاکہ ضلع کورنگی میں تعمیر و ترقی اور صاف ستھرے معاشرے کی تشکیل کو عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا یا جائیگا۔

(جاری ہے)

مختلف علاقوں کے دورے پر چیئر مین اور وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی نے عوامی وفود سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی سطح پر بلدیاتی کورنگی کے تحت جاری انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کی اس موقع پر عوام نے فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے در پیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کے لئے درخواست کی چیئر مین نیئر رضا نے کہاکہ فراہمی و نکاسی آب کا نظام بلدیہ کورنگی کے ماتحت نہیں اس کے باوجود ہم اپنے عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو مسائل سے آگاہ اور فوری تدارک کے لئے تحریری طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لا کر سیوریج مسائل سے فوری چھٹکارہ دلا نے کے لئے ناکارہ اور بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کرکے نئی لائنوں کی تنصیب کو یقینی بنا کر عوامی مسائل کا حل یقینی بنا رہے ہیں۔

چیئر مین سید نیئر رضا نے عوام کو یقین دلای کہ بلدیہ کورنگی علاقائی سطح پر مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لئے دن رات مصروف ہے انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو مسائل سے نجات اور صاف ستھرے صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائیگا ۔