شہر میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،سمیع الدین صدیقی ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ شہر بھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ اس سلسلے میں ایسی جگہوں کی نشاندہی کی جائے جہاں اکثر و بیشتر ٹریفک کی روانی کے مسائل رہتے ہیں وہاں فوری طور پر ٹریفک کی روانی مستقل بنیادوں پر بحال کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

یہ بات ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی نے اپنے دفتر میں موجود ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی نے اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے محکمہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے ڈی اے شہر اور شہریوں کی خدمت کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل حل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے نے سینئر ڈائریکٹرٹریفک انجینئرنگ بیوروقاضی عبدالقادر کو ہدایت جاری کی کہ میٹروپول اور اطراف کے علاقے میں ٹریفک کی بہتری کے لئے حکمت عملی مرتب کرکے جامع رپورٹ پیش کی جائے اور رپورٹ کی تیاری میں متذکرہ علاقے کی غیر ضروری پارکنگ کو ختم کرنے کے امکانات اور دوسرے تمام ضروری اقدامات بالخصوص ٹریفک سائن، گائڈ سائن کے ذریعے لوگوں کو مکمل آگاہی کے انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو بغیر کسی دشواری کے ان علاقوں سے گزرنے کا موقع ملے۔

بعدازاں ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس نے ڈی جی کے ڈی اے کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ بیورو قاضی عبدالقادر، حیدر علی ، پرائیویٹ سیکریٹری ریاض احمد راشد موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :