دیوالی کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر کی ہندو برادری کو مبارکباد

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے ہندو برادری کو دیوالی اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، باالخصوص ہندو برادری تعلیم، صحت اور دیگر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، اس ضمن میں نامور ہندو طبی ماہرین، اساتذہ اور تاجر صوبہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی ریاست میں اقلیتوں کو بلا تفریق مذہبی رسومات کی مکمل آزادی حاصل ہے، اسلام اخوت، رواداری، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بھی تعلیم دیتا ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کی بدولت صوبہ سندھ میں بھی ہندو، عیسائی، سکھ اور دیگر اقلیتیں اپنے مذہبی عقائد کی ادائیگی میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں قدیم مندر فن ثقافت کی نمایاں واضح مثال ہیں، جہاں ہندو برادری اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی بلاخوف و خطر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کمیونٹی کے درپیش مسائل کے حل کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات بروئے کار لارہی ہے تاکہ دیگر اقلیتوں کی طرح ہندو برادری بھی اپنے روزمرہ کے امور اور مذہبی رسومات کی ادائیگی بلا تسلسل ادا کر سکیں، اس ضمن میں ہندو رہنما حکومت سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندو برادری نے قیام پاکستان میں بھی دیگر اقلیتوں کی طرح نہ صرف بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ تعمیر و ترقی میں بھی سرفہرست خدمات انجام دے رہے ہیں، ہر برس کی طرح دیوالی کے موقع پر ہندو برادری نئے سال کی آمد پر پاکستان کے استحکام، ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام بھی کرے۔

متعلقہ عنوان :