ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لے لیا

متعلقہ افسران کو فوری سیمپل لیکر لیبارٹری سے ٹیسٹ کروانے اور انہیں مکمل طور پر فنکشنل بنانے کی ہدایت

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:41

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لے لیا ‘متعلقہ افسران کو فوری سیمپل لیکر لیبارٹری سے ٹیسٹ کروانے اور انہیں مکمل طور پر فنکشنل بنانے کی ہدایت ۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے ضلع بھر میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ناقص کارکردگی اور غیر معیاری پانی کی فراہمی بارے خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایکسئین پبلک ہیلتھ ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ضلع بھرمیں گورنمنٹ کی طرف سے لگائے گئے 53واٹر فلٹریشن پلانٹس کا دورہ کر کے پانی کے نمونے حاصل کریں تا کہ ان واٹر فلٹریشن پلانٹس پر لوگوں کو ملنے والے پینے کے پانی کا تجزیہ کر کے اسکے معیار کو جانچا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پبلک ہیلتھ کی لیبارٹری سے پانی کو ٹیسٹ کروانے کے بعد اگر ضرورت محسوس ہو تو PCSIRلیبارٹری سے بھی پانی کے معیار کی جانچ کی جائیگی تا کہ عوام الناس کو پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ جو واٹر فلٹریشن پلانٹس بجلی کی عدم فراہمی یا عملے کی کمی کی وجہ سے بند پڑے ہیں انہیں بھی فوری طور پر فنکشنل کیا جائے اسی طرح ضلع بھر میں مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کے حوالے سے حکمت عملی بھی ترتیب دی جائے ۔