پاکستان سعودی تعلقات میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مزید وسعت پیدا ہوگی، دونوں ملک مضبوط تاریخی، دینی اور ثقافتی رشتے میں منسلک ہیں ،دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان پرخلوص بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی سعودی سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی سے گفتگو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی تعلقات میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مزید وسعت اور گہرائی پیدا ہوگی، دونوں ملک مضبوط تاریخی، دینی اور ثقافتی رشتے میں منسلک ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان پرخلوص بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سعودی عرب کے سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی اور تعاون میں اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے پاک چین اقتصادی راہداری میں سعودی عرب کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات بڑے مثبت اور دیرپا ہوں گا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر برما اور یمن کے بگڑتے ہوئے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کے حل کیلئے مسلم امہ کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔