وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ڈی ایٹ کے 9ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے استنبول پہنچ گئے

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے 9ویں سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے جمعرات کو یہاں پہنچ گئے۔ استنبول کے ڈپٹی گورنر مہمت علی الوتاس نے استنبول انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

معاشی تعاون پر ڈی ایٹ تنظیم کا 9 واں اجلاس ترکی کے شہر استنبول میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔ اسلامی ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ میں مصر، ایران، بنگلادیش، انڈونیشیا، ملائشیا، نائیجیریا، ترکی اور پاکستان شامل ہیں۔ 8 ممالک کی مجموعی آبادی ایک ارب سے زیادہ ہے جبکہ ڈی ایٹ ملکوں کی مشترکہ منڈی10 کھرب ڈالر سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

تنظیم کے مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ اور عوامی زندگیوں میں بہتری بھی شامل ہے۔ ڈی ایٹ کا تنظیمی ڈھانچہ سمٹ، کونسل اور کمیشن پر مبنی ہے۔ سمٹ میں سربراہان مملکت، کونسل میں وزراء خارجہ جبکہ کمیشن میں اعلیٰ حکام اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تنظیم کے چارٹر کے تحت زراعت، فوڈ سیکورٹی، توانائی، معدنیات، صنعتی تعاون، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔پاکستان ڈی ایٹ تنظیم کا متحرک رکن ہے۔ تاریخی شہر استنبول میں ہونے والے 9 ویں ڈی ایٹ اجلاس میں سربراہان مملکت و حکومت مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کریں گے۔