صوبائی وزیر انسانی حقوق کی ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار پر مبارکباد

پاکستان کے سماجی، معاشی اور سیاسی میدان میں ہندو برادری کا کردار قابل تحسین ہے‘خلیل طاہر سندھو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے دنیا بھر کی ہندو برادری بالخصوص پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے مسلمان ، سکھ، ہندو ، مسیح ، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیںاور آئین پاکستان کے تحت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دیوالی کا تہواراتحاد اور یکجہتی کیساتھ خدمت کا احساس بیدار کرتا ہے اوریہ تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ دیوالی صرف پٹاخوں وغیرہ کی نشانی نہیں بلکہ ہندوبرادری کا یہ تہوار زندگی کی خوشیوں اورجوش و جذبے کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کو اس تہوار کے موقع پر اپنے مسلمان بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے اور گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائی کے بعد اس تہوار کو سادگی سے منایا جائے تاکہ کسی کی دل شکنی نہ ہو۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے سماجی، معاشی اور سیاسی میدان میں ہندو برادری کا کردار قابل تحسین ہے اوراگر ہم ایک دوسرے کے غم بانٹیں گے اور خوشیوں میں شریک ہونگے تو بھائی چارے، اخوت اور امن کا پیغام عام ہو گا۔