قومی اسمبلی کمیٹی مواصلات کا موٹروے پر مہنگی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا نوٹس

این ایچ اے کو فوری کارروائی کرنے اور آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ایم9موٹروے پر ایم2موٹروے کی نسبت سہولیات اور معیار میں کمی پر کمیٹی برہم، ایم9 کو موٹروے کے حقیقی معیار پر لانے کی ہدایت کمیٹی کاسندھ اور بلوچستان میں نوتعمیر شدہ شاہرائوں پر تاحال موٹروے پولیس کی عدم تعیناتی پر بھی اظہار برہمی وزارت مواصلات سے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:57

قومی اسمبلی کمیٹی مواصلات کا موٹروے پر مہنگی اور غیر معیاری اشیاء کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مواصلات نے موٹروے پر مہنگی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے این ایچ اے کو فوری کارروائی کرنے اور آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔کمیٹی میں انکشاف ہوا کہ ایم9موٹروے پر وہ سہولیات نہیں جو ایم2موٹروے پر ہیں جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا اور این ایچ اے کو ہدایت کی کہ ایم9 کو موٹروے کے حقیقی معیار پر لایا جائے۔

کمیٹی نے سندھ اور بلوچستان میں نوتعمیر شدہ شاہرائوں پر تاحال موٹروے پولیس کی عدم تعیناتی پر برہمی کا اظہار کیا اور وزارت مواصلات سے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد مزمل قریشی کی زیر صدارت ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں ارکان کمیٹی ،وزیرمملکت مواصلات محمد جنید انور چوہدری ،چیئرمین این ایچ اے شاہد تارڑ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ موٹروے پر اشیائ مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں بیچی جاتی ہیں۔ اسی طرح بعض اشیاء ، خصوصا گوشت یا چکن سے بنی ہوئی اشیاء، غیر معیاری ہوتی ہیں جس پر کمیٹینے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اس بات کا ازالہ کریں اور جلد از جلد کمیٹی کو اطلاع دیں، مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ ایم9 پر وہ سہولیات میسر نہیں جو ایم2 اور دیگر موٹرویز پر میسر ہیں، کئی جگہ سے لوگ خود ہی ایم 9 کے لیے راستہ بنا لیتے ہیں، اس پر مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ ایم9 کو موٹروے کے حقیقی معیار پر لایا جائے۔

مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقے میں وفاقی حکومت نے کئی نئی سڑکیں اور شاہراہیں تعمیر کی ہیں۔ مگر ابھی تک وہاں پر موٹروے پولیس کو اس لیے تعینات نہیں کیا جا سکا کہ ابھی تک ضرورت کے مطابق آسامیوں کی تخلیق کے لیے فنانس ڈویڑن نے منظوری نہیں دی۔ کمیٹی نے اس بات کا سخت نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ وزارت مواصلات اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لے اور ایک ماہ کے اندر اندر رپورٹ پیش کرے۔

کمیٹی نے قرار دیا کہ اگر ایک ماہ کے اندر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو آئندہ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور فنانس ڈویڑن کو بھی اجلاس میں بلا کر جواب طلب کیا جائے گا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ سی پیک عنقریب مکمل ہونے والی ہے مگر وزارت مواصلات اس سلسلے میں افرادی قوت کو منظم کرنے کے لیے مزید وقت مانگ رہی ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی لی جائے۔

مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے اور نادرن بائی پاس پر ابھی تک روڈ سائن نہیں لگائے گئے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ این ایچ اے اپنے فرائض کو نبھانے میں غفلت کا ارتکاب نہ کرے۔ اسی طرح موٹروے پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں صوبوں کے مقابلے میں کم اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے صوبوں میں سے کوئی آدمی ڈپیوٹیشن پر موٹروے پولیس میں آنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ موٹروے کے ملازمین کو فی الفور وزیراعظم کی ہدایت اور منظوری کے مطابق الاؤنس دیا جائے۔