پی اے سی کی ذیلی کمیٹی نے وزارت بین الصوبائی رابطہ، وزارت مذہبی امور اور ایرا کے مالی حسابات پر متعدد آڈٹ اعتراضات نمٹا دیے

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) اسلام آبادپارلیمان کی پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی ) کی ذیلی کمیٹی نے وزارت بین الصوبائی رابطہ ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اورزلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اوربحالی کے ادارہ ایرا کے مالی حسابات پر متعدد آڈٹ پیراز نمٹادیے ۔ پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینیر سردار عاشق گوپانگ کی صدارت میں جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ذیلی کمیٹی کے اراکین سمیت وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری خالد مسعود چوہدری اوروزارت کے سینئر افسران، وزارت بین الصوبائی رابطہ اوردیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مالی سال 2008-09ء کے دوران گرانٹ اور مالی سال 2009-10کے دوران وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مالی حسابات پر آڈٹ اعتراضات سمیت اسلام آباد میں زکوة و عشر کمٹی کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری نے کمیٹی کو وزارت سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی ۔

کمیٹی کے کنوینر عاشق گوپانگ نے بتایا کہ محکمہ اوقاف لاہور سے لاکھوں روپے کا انکم ٹیکس وصول نہیں کیا گیا اس کے ذمہ داران کا تعین کیوں نہیں کیا گیا، بتایا جائے کہ ٹیکس میں چھوٹ کس نے دی ہے،کمیٹی نے محکمہ اوقاف لاہور کے افسران کے خلاف انکم ٹیکس وصول نہ کرنے پر تحقیقات کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران ہیپاٹائٹس ویکسین کے مہنگے داموں خریداری کا معاملہ بھی زیربحث آیا جس پر کمیٹی نے یہ معاملہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سپردکردیا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے زکواة و عشر کمیٹی اسلام آباد کے سربراہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام ریکارڈ کی متعلقہ آڈٹ حکام سے ایک ہفتے کے اندر تصدیق کروائیں ۔ اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اورزلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اوربحالی کے ادارہ ایرا کے مالی حسابات پر متعدد آڈٹ پیراز کو نمٹایا گیا۔

متعلقہ عنوان :