وزارت ٹیکسٹائل نے انٹر پرینیور شپ کے فروغ کیلئے فیصل آباد میں فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کر دیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:41

فیصل آباد۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزارت ٹیکسٹائل نے انٹر پرینیور شپ کے فروغ اور ہنر مند افراد کی تربیت کیلئے چیمبر آف کامرس کے وومن بزنس انکیوبیشن سنٹر کے انٹر پرینیورز کو فیصل آباد میں فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزار ت ٹیکسٹائل اس ضمن میں فیصل آباد کے علاوہ دیگر چیمبرز آف کامرس سے بھی رابطہ میں رہے گی تاکہ مذکورہ چیمبرز آف کامرس فیشن انڈسٹری سے جڑی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن میں ان کا ہاتھ بٹا سکیں۔

وزارت کے ذرائع نے بتایاکہ صنعتی ، کاروباری ، تجارتی شعبہ کی معاونت اور حکومتی اقدامات سے ٹیکسٹائل کا شعبہ تیزی سے بحال ہو رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگیوں کے بعد ایکسپورٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کیلئے حکومت مزید مراعات دے رہی ہے تاکہ علاقائی مسابقتی فضاء میں پاکستان کے ایکسپورٹر ز کو برتری حاصل ہو اور وہ زیادہ سے زیادہ مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ حاصل کر نے میں مدد گار ثابت ہو سکیں ۔

انہوںنے کہا کہ وزارت ٹیکسٹائل چیمبر ز آف کامرس کے ساتھ مل کر ہنر مند افراد کو تربیت فراہم کرے گی تاکہ اس کے مقررہ اہداف کی تکمیل ممکن ہو سکے۔ انہوںنے بتایاکہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس جلد برمنگھم برطانیہ میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے جا رہا ہے جس کیلئے وفاقی وزارت ٹیکسٹائل بھر پور معاونت اور رہنمائی فراہم کرے گی۔