ایران نے مدبرانہ پالیسیوں سے امریکہ کو عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے، خوشرو

امریکہ نے داعش کو تشکیل کیا ،امریکی اتحادیوں نے اسکی وسیع پیمانے پر مدد کی ،مشرق وسطی میں جاری بحران کا اصلی سبب اسرائیل ہے، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرونے کا سکیورٹی کونسل سے خطاب

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:34

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی مدبرانہ پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ کو عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے، مشرق وسطی میں جاری بحران کا اصلی سبب اسرائیل ہے، امریکہ نے داعش کو تشکیل دیا اورامریکی اتحادیوں نے داعش کو وسیع پیمانے پر مدد فراہم کی ۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرونے علاقائی اور عالمی سطح پرامریکہ کی غلط پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنی مدبرانہ پالیسیوں کے ذریعہ امریکہ کو عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے۔

ایرانی مندوب نے سکیورٹی کونسل سے خطاب میں مشرق وسطی میں فلسطین کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں جاری بحران کا اصلی سبب اسرائیل ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے سکیورٹی کونسل کی کسی بھی قرارداد کو عملی جامہ نہیں پہنایا ۔غلام علی خوشرونے کہا کہ اسرائیل کوامریکہ کی حمایت اور سرپرستی حاصل ہے اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں مشرق وسطی میں بھیانک اور تاریخی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی تاریخ کا غصب اور ظلم سے آغاز ہوا ہے ،اور اسرائیل خطے میں عدم استحکام کا اصلی سبب ہے۔خوشرو نے کہا کہ امریکی حکام نے خود متعدد بار اعتراف کیا ہے کہ امریکہ نے داعش کو تشکیل دیا اورامریکی اتحادیوں نے داعش کو وسیع پیمانے پر مدد فراہم کی جبکہ ایران ایسا ملک ہے جس نے دہشت گردی اور داعش کے خلاف اسٹینڈ لیا اورخطے میں داعش کی شکست میں اہم کردارادا کیا۔