گوجرہ،کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے استاد اسلم روڈا انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا افتتاح تاخیر کا شکار

وزیراعلیٰ پنجاب کی مصروفیات کی وجہ سے افتتاح تاخیر کا شکار، آسٹروٹرف خراب ہونے کا خدشہ ،کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت بھی نہ مل سکی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:09

گوجرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے استاد اسلم روڈا انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا افتتاح تاخیر کا شکار ، آسٹروٹرف خراب ہونے کا خدشہ ،کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت بھی نہ مل سکی۔تفصیلات کے مطابق جھنگ روڈ پر کروڑوں روپے کی لاگت سے دوبارہ تعمیر ہونے والے استاد اسلم روڈا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم گوجرہ کی تعمیر نو مکمل دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ’’شریف خاندان بچائو‘‘مصروفیات کے باعث ہاکی اسٹیڈیم کا افتتاح تاخیر کا شکار ہوتا چلا جا رہا ہے۔

دوران تعمیر ڈی سپورٹس پنجاب اور سابق ایم این اے وپنجاب سپورٹس ویلفیئر ونگ کے چیئرمین حنیف عباسی بھی متعدد دورے کر چکے اور اسٹیڈیم کے انجینئرز اور ٹھیکیدار کو ضروری ہدایا ت دیتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن اسٹیڈیم کا افتتاح نہ ہونے کے باعث اسٹیڈیم میں لگی کروڑوں روپے کی آسٹرٹرف خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ آسٹروٹرف کا استعمال نہ ہونا اور اس ہاکی کے انٹرنیشنل ،قومی،اور زیر تربیت کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث کھلاڑی پبلک پارکوں میں پریکٹس کرنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں کروڑوں روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے لیکن اسٹیڈیم کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال ، غیر معیاری ، تعمیر میںعالمی معیار اور ضابطوں کو ملحوظ خاطر نہ رکھنے کا بھی انکشاف ہوا ہے جبکہ پنجاب سپورٹس بورڈ کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی تاحال تعمیراتی کام کا تکنیکی جائزہ لینے کے لیے بھی ابھی تک دورہ نہیں کیا۔

ذرائع نے ’’آئی این پی‘‘کو بتایا کہجب تک سپورٹس بورڈ کی ٹیکنیکل ٹیم اسٹیڈیم کا دورہ نہیں کرے گی اور منظوری نہیں دے گی تب تک اسٹیڈیم کا افتتاح نہیں ہو سکے گا۔شائقین ہاکی،انٹرنیشنل و نیشنل کھلاڑیوں ،خاور جاوید، ائولمپیئن عرفان محمود،طارق عمران ائولمپیئن،طارق عزیز ائولمپیئن،شہباز جونیئر ائولمپیئن ،پاکستان ہاکی اسٹارز لورز کلب کے صدر ڈاکٹر محمد حسین و دیگر نے حکومت پنجاب ،سپورٹس بورڈ پنجاب کے سے اپیل کی ہے ہاکی اسٹیڈیم کا فوری افتتاح عمل میں لایا جا ئے اور اسٹیڈیم کی تعمیر میں ہونے والی غفلت اور ناقص کام کی تحقیقات کروائی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :