بارانی علاقوں کیلئے گندم کی منظور شدہ اقسام کااعلان

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:01

فیصل آباد۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)بارانی علاقوں کیلئے گندم کی منظور شدہ اقسام کااعلان کردیا گیاہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار گندم کی چکوال50، این اے آر سی 2009، پارس 2009اور دھرابی 2011نامی وغیرہ اقسام کی کاشت فوری طور پر شروع کر کے اس کی تکمیل 15 نومبر تک کر سکتے ہیں جس کیلئے بیج کی شرح 50کلوگرام فی ایکڑ ہونی چاہیے تاہم 21نومبر کے بعدکاشت کی صورت میں شرح بیج 60کلوگرام فی ایکڑ رکھی جائے اور بیج کے اگائو کی شرح 85 فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں مناسب اضافہ کر لیاجائے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ منظور شدہ اقسام کے علاوہ دیگر اقسام کی کاشت کی صورت میں فصل کنگی، کانگیاری، کرنال بنٹ اور اکھیڑا وغیرہ جیسی بیماریوں کاشکار ہو سکتی ہے اس لئے بوائی کیلئے بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت رکھنے والی اقسام کاانتخاب کرنا اشد ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گندم کی اچھی اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے کیونکہ ایک اندازے کے مطابق جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 14سے 42 فیصد تک گندم کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ بوائی کے بعد اگر 18سے 20 دن کے اندر بارش ہو جائے تو کھیت میں وتر آنے پر دوہری بارہیرو چلائی جائے تاکہ اس سے جڑی بوٹیاں اچھی طرح تلف ہو جائیں۔ انہوںنے بتایا کہ فصل کے اگائو کے بعد کھرپے یا کسولے سے خشک گوڈی کرکے بھی فصل کو جڑی بوٹیوں سے پاک کیا جاسکتا ہے۔