بین المذاہب اور بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ کی اشد ضرورت ہے ،ْ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 15:19

بین المذاہب اور بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ کی اشد ضرورت ہے ،ْ وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بین المذاہب اور بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ کی اشد ضرورت ہے ،ْ حکومت اقلیتوں کی بہبود اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے۔جمعرات کو دیوالی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیرا عظم نے دیوالی کے تہوار پر ملک وبیرون ملک ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائیں ظاہر کیں کہ رنگوں اور روشنیوں کا یہ تہوار اس دن کو منانے والوں کی زندگیوں میں امن او خوشیاں لائے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے ۔ اس ضمن میں ہماری کاوشیں ہمارے نبی پاک حضرت محمد ﷺ کے سنہری اصولوں اور ہمارے قائد اور ہمارے آئین کے وژن کے تابع ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اس امر کااعادہ کیا کہ بین المذاہب اور بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جاتی ہے ۔

ہمیں یہ بات فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ کوئی بھی مذہب منافرت اور تشدد کا درس نہیں دیتا ۔ درحقیقت ہر مذہب امن ، ہم آہنگی اور انسانیت سے محبت کے فروغ کا حامی ہے۔ انہوں نے مذہبی رہنمائوں پر زور دیاکہ وہ بنیادی مذہبی اقدار کو اجاگر کرنے اور ان اقدار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں جو معاشرے کو انسانیت کے رشتے میں جکڑتی ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر ہندو برادری پر بھی زور دیاکہ وہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے اپنی قابل قدر خدمات انجام دیتے رہیں، ہم ذات اور نسل پر مبنی ہر قسم کے امتیاز سے پاک معاشرے کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :