میکسیکو میں پاکستانی چاول پر عائد پابندی جلد اٹھنے کا امکان ہے ،رفیق سلیمان

میکسیکو پاکستانی چاول کیلئے بہت اچھی مارکیٹ ہے امید ہے پابندی ختم ہونے کے بعد وافر مقدار میں پاکستانی چاول میکسیکو بر آمد ہوگا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 15:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان(ریپ)کے سینئروائس چیئرمین رفیق سلیمان کی سر براہی میں وفد نے ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے ایڈوائزر اینڈ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وسیم الحسن سے ملاقات کی اس ملاقات میں ممبر منیجنگ کمیٹی عبد القیوم پراچہ کے علاوہ محمد سہیل شہزاد ڈپٹی ڈائریکٹر DPPبھی موجود تھے ۔

ملاقات میں میکسیکو کو پاکستانی چاول کی بر آمدات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ رفیق سلیمان نے بتایا کہ حال ہی میں TDAP،REAPاور DPPکا اعلیٰ اختیاری مشترکہ وفد نے میکسیکو کا دورہ کیا تھا جس میں میکسیکو کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں پاکستانی چاول کی درآمدات پر عائد پابندی اٹھانے سے متعلق لائحہ عمل طے کیا گیا جس کے مطابق DPPنے اپنی تجاویز اور ورک پلان وزارت خوراک کو ارسال کردیا ہے اور امید ہے کہ وزارت خوراک کی منظوری کے بعد بہت جلد میکسیکو کو پاکستانی چاول کی بر آمدات کا دوبارہ آغاز ہوجائے گاکیونکہ میکسیکو پاکستانی چاول کیلئے ایک بہت اچھی مارکیٹ ہے اور امید ہے کہ موجودہ پابندی ختم ہونے کے بعد وافر مقدار میں پاکستانی چاول میکسیکو بر آمد ہوگا اور ملک کیلئے کثیر زر مبادلہ کا حصول ممکن ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پاکستانی چاول کی چین میں بر آمدات سے متعلق معاملات بھی زیر بحث لائے گئے ۔ رفیق سلیمان نے بتایا کہ پاکستانی رائس ایکسپورٹرز دنیا کی بہترین مشینری اور ماڈرن ٹیکنالوجی کے ذریعے چاول کی ویلیوایڈیشن کر کے چین جیسی اہم مارکیٹ میں پاکستانی چاول بر آمد کر رہے ہیںاور ہمارا پاکستانی چاول اپنی کوالٹی کی وجہ سے چین میں بہت پسند کیا جاتا ہے ۔

ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے ایڈوائزر اینڈ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وسیم الحسن نے بتایا کہ ریگولر چاول کی بر آمد کے سلسلے میں فائیٹو سرٹیفیکٹ کے حصول کیلئے کوئی اضافی Affidavitکی ضرورت نہیں ہے اور انہوں نے چاول کی بر آمد کے سلسلے میں در پیش مسائل کے حل کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ رفیق سلیمان نے اس میٹینگ کیلئے ڈائریکٹر جنرل صاحب کا شکریہ ادا کیا ۔