پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہا ہے،

دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں، پاک امریکہ اعلیٰ سطح پر ملاقاتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، پاکستانی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کینیڈین جوڑے کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے 14 اکتوبر کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میںامن عمل کی حمایت اور اس میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، گذشتہ چند روز میں درجنوں نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا اور سیاسی رہنماؤں کو گرفتار اور نظربند کیا جا رہا ہے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 14:59

پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیازکارروائیاں کر رہا ہے، دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں، پاک امریکہ اعلیٰ سطح پر ملاقاتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، پاکستانی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کینیڈین جوڑے کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے 14 اکتوبر کے پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میںامن عمل کی حمایت اور اس میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفترخارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گر د گروپوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں کرر ہا ہے۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشنز کے نتیجے میں قبائلی علاقوں سمیت ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں۔ کینیڈین جوڑے کو افغانستان سے اغواء کیا گیا تھا۔

ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اومان میں چھٹے چار فریقی مذاکرات میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں امن عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔کشمیر کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے، گزشتہ چند روز میں درجنوں نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا اور سیاسی رہنماؤں کو گرفتار اور نظربند کیا جارہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے، ماورائے عدالت قتل عام اور اجتماعی قبروں کی دریافت ہوچکی ہے، بھارت کا لائن آف کنٹرول پر دراندازی اور پھر پاکستان پر الزامات عائد کرنا ان سب پہلوؤں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے نظر ہٹانے کے لئے ہے۔ ترجمان نے تین سال کی مدت کیلئے پاکستان کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن بننے پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی دفترخارجہ کے اقوام متحدہ میں افسران، سیکرٹری خارجہ کی حکمت عملی اور بیرون ملک تعینات پاکستانی سفراء کی کاوشوں سے ہی ممکن ہوئی۔سی پیک سے متعلق ترجمان نے کہا کہ یہ علاقائی رابطوں کا منصوبہ ہے جس سے پاکستان خطے کا اہم مرکز بن جائے گا۔