رواں مالی سال 2017-18ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے تحت ایک کھرب 47 ارب 29 کروڑ 74 لاکھ کے فنڈز جاری کئی گئے

جمعرات 19 اکتوبر 2017 14:51

رواں مالی سال 2017-18ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے رواں مالی سال 2017-18ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے تحت ایک کھرب 47 ارب 29 کروڑ 74 لاکھ کے فنڈز جاری کئے۔ پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت پاکستان وژن 2025 کے تحت ملک میں سڑکوں کے نیٹ ورک میں اضافے کا ہدف مقرر کررکھا ہے جس کے تحت 2018ء تک 0.45 کلومیٹر فی مربع کلومیٹر کی شرح سے اس نیٹ ورک کو 260000 کلومیٹر سے بڑھا کر 358000 کلومیٹر تک پہنچانا ہے جبکہ اس ضمن میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے تحت پچھے مالی سال کے دوران 92 منصوبوں کیلئے 30 ارب 11 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 55 سکیموں کیلئے 58 ارب 62 کروڑ 47 لاکھ روپے مختص کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پانی کے 21 منصوبوں کیلئے گزشتہ مالی سال کے دوران 3 ارب 31 کروڑ 3 لاکھ روپے رکھے گئے تھے جبکہ روا ں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 10 منصوبوں کیلئے 7 ارب 86 کروڑ 88 لاکھ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی ہدایت کے مطابق خطے کے ممالک کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان کو بھی صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں خاطر خواہ کام کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ترقی لانے پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ ملک کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ جاری ہے ، گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ان شعبوں کیلئے 4 ارب 43 کروڑ 94 لاکھ روپے کی اجراء ممکن بنائی گئی تھی جو اس سال اب تک 6 ارب 50 کروڑ 87 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے، شعبہ تعلیم و تربیت کے 16 منصوبوں کیلئے ایک ارب 37 کروڑ 42 لاکھ روپے جبکہ صحت کے 17 منصوبوں کیلئے ایک ارب 99 کروڑ 8 لاکھ روپے فراہم کئے جا چکے ہیں۔

پاکستان وژن 2025 کے عین مطابق وفاقی حکوت نے گورننس و اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے 23 مختلف پراجیکٹس کی منصوبوں بندی کررکھی ہے جس کیلئے پہلی سہ ماہی کے دوران 66 کروڑ 8 لاکھ روپے کے فنڈز کا اجراء ممکن بنایا گیا۔ خوراک و زراعت کے شعبے کے 21 منصوبوں کیلئے 38 کروڑ 64 لاکھ ، اندسٹریز سیکٹر کے 7 منصوبوں کیلئے رواں سال 27 کروڑ 16 لاکھ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔