پہلگام میں خواتین کی چٹیا کاٹنے والے ملزم نے فوجی گاڑی میں پناہ لے لی

لوگوں نے جب ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو بھارتی فوجیوںنے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک درجن سے زائد افراد کو شدید زخمی کردیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 14:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے افسوسناک واقعات میں آئے روز اضافہ،بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی مداخلت اور مشکوک افراد کو پناہ دینے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں جن سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی کارروائیوں کا واحد مقصد کشمیریوں کو خوفزدہ کرنا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ معمول کے کاروبار زندگی کو درہم برہم اور عوام کے باہمی اعتماد کو ٹھیس پہنچاکر ان کے اندر انتشاری کیفیت پیدا کرنا بھی اس سازش کا اہم حصہ ہے۔انہوںنے کہاکہ پہلگام کے علاقے ولر ہامہ میں عوامی اطلاعات کے مطابق چٹیا کاٹنے کے مذموم عمل میں ملوث ایک مشکوک شخص نے قریب ہی موجود ایک فوجی گاڑی میں پناہ لی اور جونہی لوگوں نے اٴْس کو پکڑنے کی کوشش کی تو بھارتی فوجیوںنے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک درجن سے زائد افراد کو شدید زخمی کردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری لوگوں کے حقوق بالخصوص عزت ،جان و مال کی حفاظت کرنا ہے لیکن یہ ذمہ داری انجام دینے میں پولیس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے جس کا واضح ثبوت خواتین کی چٹیا کاٹنے مسلسل کے واقعات ہیں جنہیں روکنے اور اس میں ملو ث عناصر کو بے نقاب کرنے میں پولیس مسلسل ناکام رہی ہے ۔ ترجمان نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لاکھوں کشمیریوں کو اپنے بنیادی حقوق بشمول حق خودارادیت پر عمل کرنے کا ایک آزادانہ ماحول مہیا ہوسکے۔

ادھرحریت رہنماء بلال صدیقی اور لبریشن فرنٹ(آر) کے سیکریٹری جنرل وجاہت قریشی نے اپنے بیانات میں پہلگام کے علاقے ولرہامہ میںبھارتی فورسز کی امن مظاہرین پراندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ ولرہامہ میں لوگ چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف پر امن احتجاج کر رہے تھے تاہم بھارتی فورسز نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ثابت کردیا کہ انہیں نہتے کشمیریوں پر ظلم وتشدد اور انکے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ ایک طرف تو کشمیری خواتین کی چوٹیاںکاٹنے کے واقعات مسلسل جاری ہیں اور دوسری طرف بھارتی فوج ان شرمناک کارروائیوں میں ملوث مجرموں کو بچانے کیلئے پر امن مظاہرین پر اندھا دھندفائرنگ کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :