درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی میں اضافہ مسئلے کا حل نہیں، درآمد پر مکمل پابندی لگائی جائے‘لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم

برآمدات میںگراوٹ اورغیر ضروری لگژری و پرتعیش اشیاء کی درآمد کی وجہ سے ملک کا زرمبادلہ دباؤ کا شکار ہوتا ہے‘راؤ خورشیدعلی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 14:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چیئرمین راؤ خورشید علی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے 731 درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی میں اضافہ مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ غیر ضروری ااشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی لگائی جائے کیونکہ غیر ضروری اور لگژری و پرتعیش اشیاء کی درآمد کی وجہ سے ملک کا زرمبادلہ دباؤ کا شکار ہوتا ہے ۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں راؤ خورشید علی نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین کے ساتھ ہونے والی تجارت کے باعث ٹریڈ بیلنس عدم توازن کا شکار ہے ، حکومت کو چاہیے کہ چائنہ کی حکومت کے ساتھ بائی لیٹرل ٹریڈ میں درآمدات اور برآمدات کے توازن کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات کرے ۔ اس کے ساتھ ساتھ جس ملک سے بھی تجارت کی جائے اور درآمدات کی صورت میں اس ملک کے ساتھ پہلے معاہد ہ کیا جائے کہ درآمدات کے مساوی برآمدات بھی خریدی جائیں تاکہ پاکستان کے ٹریڈ بیلنس کے توازن کو بہتر بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

اس وقت ہمارے ملک کی درآمدات میں ہوشربا ء اضافہ ہو چکا ہے جبکہ ہماری برآمدات کا گراف کافی حد تک گر چکا ہے ۔جس کا براہ راست اثر ہمارے زرمبادلہ پر پڑ رہا ہے ، انہوںنے کہاکہ بعد ازاں حکومت کو زرمبادلہ حاصل کرنے کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے آگے ہاتھ پھیلانے پڑتے ہیں جس کی وجہ سے پوری قوم اور آنے والی نسلوں کے سروں پر قرضوں کا بوجھ بڑھتا چلا جا رہا ہے ۔جس کا تدراک کرنا حکومت وقت کا فرض بھی ہے اور ہم ذمہ داری بھی ۔

متعلقہ عنوان :