چیف الیکشن سے اکیلے میں ملنے کی درخواست مستردہونے پر فواد چوہدری الزامات لگا رہے ہیں‘ترجمان الیکشن کمیشن

جمعرات 19 اکتوبر 2017 13:14

چیف الیکشن سے اکیلے میں ملنے کی درخواست مستردہونے پر فواد چوہدری الزامات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری نے فواد چوہدری کے چیف الیکشن کمشنر کی گاڑی کے بارے میں دئیے گئے بیان کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دراصل دو دن پہلے فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرنے کی درخواست کی ۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ان کو جواب دیا کہ چونکہ آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے اس وجہ سے آپ سے اکیلے ملاقات نہیں کر سکتے ۔

ملاقات کی اجازت صرف اسی صورت میں دی جاسکتی ہے اگر مقدمے کے دوسرے فریق بھی آپ کے ساتھ ملاقات میں شریک ہوں کیونکہ انصاف کا تقاضا یہی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر کے ملاقات سے انکار پر فواد چوہدرری کو صدمہ ہوا اور انہوں نے میڈیا میں چیف الیکشن کمشنر کی گاڑی پر نازیبا بیان دیا۔

(جاری ہے)

جس کی الیکشن کمیشن نے ترجمان کے ذریعے سختی سے تردید کی اور اس کو وارننگ دی کہ آئندہ کیلئے الیکشن کمیشن جیسے آئینی ادارے کے خلاف کوئی بھی ایسی بات جو بے بنیاد اور بدنیتی پر ہو اس سے اجتناب کیا جائے ۔

بصورت دیگر قانونی کاروائی آئین کے تحت عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے فواد چوہدری سے اکیلے ملاقات سے انکار کرنے پرردعمل کے طور پر انھوں نے فوراً میڈیا پر چیف الیکشن کمشنر کی گاڑی پر حقائق سے برعکس بیان دے دیا جس کا مقصد صرف الیکشن کمیشن کے آئینی تقدس کو ٹھیس پہنچانا تھا جوکہ سراسر غلط اور من گھڑت ہے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ زیر مقدمہ کیس کے دوران چیف الیکشن کمشنر کسی بھی پارٹی کے وکیل سے اکیلے میں ملاقات نہیں کرتے اور یہی انصاف کا تقاضا بھی ہے ۔الیکشن کمیشن یہ اعادہ کرتا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کے لغوو بیبنیاد بیانات سے مرعوب اور بلیک میل نہیں ہوگا۔