افغانستان، صوبہ قندھار میں فوجی اڈے پر خودکش حملہ ،

40 اہلکار ہلاک، 24 زخمی طالبان نے حملے کی زمہ داری قبول کرلی، زخمی اسپتال منتقل ،بیشتر کی حالت تشویشناک ، ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 12:39

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) افغانستان کے صوبے قندھار میں فوجی اڈے پر خودکش حملے میں 40 اہلکار ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ،بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ، طالبان نے حملے کی زمہ داری قبول کرلی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق صوبے قندھار میں فوجی اڈے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 40 فوجی ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

افغان سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد انہوں نے ملٹری بیس پر فائرنگ شروع کردی، دوسری جانب ملٹری بیس پر خود کش حملے اور فائرنگ کے دوران غیر ملکی افواج فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کو نشانا بھی بنایا جس کے نتیجے میں 10 طالبان مارے گئے۔قندھار پولیس چیف نے حملے کی تصدیق کردی ہے تاہم وزارت دفاع کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جب کہ طالبان نے حملے کی زمہ داری قبول کرلی ہے۔