ہماری جماعت نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، بھرپور طریقے سے مقدمات کا سامنا کریں گے‘

اللہ اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے، وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 12:26

ہماری جماعت نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، بھرپور طریقے سے مقدمات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، بھر پور طریقے سے مقدمات کا سامنا کریں گے اور اللہ اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔ جمعرات کو یہاں مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن یا کسی خاص معاملہ میں پیسے لینے کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا ۔

اس کے باوجود ان کے پورے خاندان کو احتساب کی لپیٹ میں لے لیا گیا ہے جب کہ ہم سے پہلے جن لوگوں نے حکومت کی ان کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔ تاخیری حربے استعمال کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کے دوران لوگوں کو دیگر مسائل بھی درپیش آتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کے وکلا پچاس پچاس بار عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے پھر بھی ان پر تاخیری حربے استعمال کرنے کا کوئی الزام نہیں لگتا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم عدالتوں میں اپنا دفاع نہیں کریں گے۔ ہم اپنا یہ قانونی حق نہیں چھوڑیں گے اور جماعت کی طرف سے بھرپور طریقے سے مقدمات کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سابق وزیر اعظم، ان کا خاندان اور ان کی جماعت اللہ اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :