Live Updates

عمران خان دوسروں پر تنقید کرنے کی بجائے عدالتوں میں صفائی پیش کریں، امیر حیدر ہوتی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 11:57

عمران خان دوسروں پر تنقید کرنے کی بجائے عدالتوں میں صفائی پیش کریں، ..
تورغر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں پر تنقید کرنے کی بجائے عدالتوں میں اپنی صفائی پیش کریں، کرپشن اے این پی نے نہیں عمران خان نے کی ہے، جس شخص کو اپنے گھر میں اعتماد حاصل نہ ہو قوم اس پر کیا بھروسہ کرے گی۔ وہ ضلع تورغر کی تحصیل جدباء کنڈر زئی میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

جلسہ سے سابق رکن قومی اسمبلی لائق محمد خان اورمقامی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ عدالتوں کے چکر ان کی پارٹی کے رہنما نہیں عمران خان کاٹ رہے ہیں، دوسروں پر تنقید عمران خان کا مشغلہ بن چکا ہے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک کرپشن کا بادشاہ اور ان کا پورا نظام کرپٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی آئندہ الیکشن میں عمران خان اینڈ کمپنی کا بوریا بستر گول کرے گی، صوبائی حکومت کے وزراء اور ایم پی ایز بھی کہتے ہیں کہ کرپشن میں وزیراعلیٰ کا ہاتھ ہے لیکن عمران خان کو یہ سب کچھ نظر نہیں آ رہا ہے، دوسروں کو برا کہنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے، حقیقت یہ ہے کہ جو شخص اپنا گھر نہیں سنبھال سکتا وہ ملک کیا سنبھالے گا۔

انہوں نے کہا کہ تورغر ان کا دوسرا گھر ہے، ہم نے اس چھوٹے سے علاقہ کو ضلع کا درجہ دیا، ہزاروں نوکریاں اور چار ارب روپے کا پیکج اس علاقہ کو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ اے این پی کی سیاست ختم ہو چکی ہے، کوئی اے این پی کی سیاست کو ختم نہیں کر سکتا، پرویز خٹک یہاں آ کر اپنی آنکھوں سے عوام کا سمندر دیکھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات