پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں بین الکلیاتی تقریری مقابلہ میں آرمی برن ہال کالج نے پہلی پوزیشن حاصل کی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 11:48

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں بین الکلیاتی تقریری مقابلہ میں آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ملٹری کالج مری نے دوسری اور کیڈٹ کالج سانگھڑ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریری مقابلہ میں ملک بھر سے 20 کالجز کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یاسر علی خان تھے۔

صدارت بریگیڈیئر عبدالعزیز (ستارہ امتیاز ملٹری) کر رہے تھے۔ تقریری مقابلہ کے اختتام پر مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کو شیلڈ اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔ طلبہ کے ساتھ آنے والے مختلف اداروں کے نمائندوں، جج صاحبان اور کالج کے نمائندہ اساتذہ اور مہمانوں میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل بریگیڈیئر عبدالعزیز نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ مقررین کی پر اعتمادی، شعلہ بیانی، فن خطابت اور شاندار مقابلہ منعقد کروانے پر کالج منتظمین کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعمیری مقابلہ جات قومی یکجہتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوتے ہیں، طلبہ کی سوشل انٹریکشن اور فن خطابت ان کی کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ قومی ترانہ کے ساتھ تقریب کا اہتمام ہوا۔

متعلقہ عنوان :