تنظیم ’’دائرہ علم و ادب‘‘ادبی افق کا ستارہ ثابت ہوگی،فخر الاسلام

جمعرات 19 اکتوبر 2017 11:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)قرطبہ یونیورسٹی پشاور میں ملک گیر ادبی تنظیم ’’دائرہ علم و ادب‘‘ کے زیر اہتمام ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت دائرہ علم و ادب خیبر پختونخوا کے صدر اورپاکستان سٹڈی سنٹر جامعہ پشاورکے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فخرالاسلام نے کی جس کے مہمان خصوصی دائرہ علم و ادب کے مرکزی صدر احمد حاطب صدیقی تھے۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے شعراء کرام اور دانشوروں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر فخرالاسلام نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دائرہ علم و ادب خیبر پختونخوا کے ادبی افق پر ایک نیا ستارہ بن کرابھرے گی۔ اجلا س میں تنظیم کو صوبائی سطح پر منظم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی جبکہ انجان اورکزئی کو دائرہ علم و ادب فاٹا کا صدر مقرر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں تنظیم کے مرکزی صدر احمد حاطب صدیقی نے کہا کہ ادبی تنظیموں کی کوئی کمی نہیں تا ہم دائرہ علم و ادب اسلام و پاکستان سے محبت رکھنے والے شعراء کیلئے ایک زبردست پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کا طرہ امتیاز یہ بھی ہوگا کہ یہ بچوں کے ادب کی ترویج کیلئے کا م کرے گی۔ اجلاس کے آخر میں مشاعرہ ہوا جس میں احمد حاطب صدیقی، اسحاق وردگ اور ریاض عادل نے اپناکلام پیش کیا۔