سعودی عرب پناہ گزینوں کی سب سے زیادہ مدد کرنے والا ملک ہے،اقوام متحدہ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 11:05

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) سعودی عرب میں اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے نمائندے ڈاکٹر ابوبکر عبدالعزیز محمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب پناہ گزینوں کی سب سے زیادہ مدد کرنے والا ملک ہے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مملکت نے 2014ء کے دوران 80 سے زیادہ ممالک کو 54 ارب ریال سے زیادہ کی انسانی اور ترقیاتی مدد فراہم کی۔

یہ سعودی عرب کی مجموعی قومی آمدنی کا 1.9فیصد سے زائد بنتا ہے۔ دنیا کے کسی بھی ملک نے اپنی مجموعی قومی آمدنی کا اتنا بڑا حصہ امداد پر صرف نہیں کیا۔ عالمی تنظیم ایف اے او نے گزشتہ روز الخرج میں 37واں عالمی یوم خوراک منایا۔ ابوبکر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ 150ممالک نے عالمی یوم خوراک منایا۔

(جاری ہے)

الفائو کے قیام پر 72برس گزر چکے ہیں۔

انہوں نے توجہ دلائی کہ عالمی اعداد و شمار کے مطابق خانہ جنگیوں ، غربت اور قحط سالی کے باعث نقل مکانی کا رواج بڑھ رہا ہے۔ تقریباً 244 ملین پناہ گزین دنیا بھر میں موجود ہیں جبکہ 763 ملین لوگ اپنے اپنے ملک میں اپنی بستیوں سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ 65 ملین ایسے ہیں جنہیں زبردستی بستیاں چھوڑنے پر مجبور کیا ہے۔ دیہی علاقوں سے نقل مکانی کرنیوالے 75فیصد سے زیادہ ہیں جبکہ32لاکھ سیاسی پناہ گزین ہیں۔