سپورٹس ڈیسک )

سری لنکا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست ،پاکستان نے 5 میچوں کی سیریز میں 0-3 سے اپنے نام کرلی نوجوان اوپنر امام الحق کی اپنے پہلے ہی ونڈے انٹرنیشنل میں سنچری ، مین آف دی میچ قراردیا گیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 00:01

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،اپنے پہلے ہی ونڈے انٹرنیشنل میں سنچری سکور کرنے والے نوجوان اوپنر امام الحق کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔بدھ کے روز ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پیلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں 208رنز بنائے جو پاکستان نی3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور ڈیبیو کرنے والے امام الحق نے 75 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم فخر زمان 29 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پچھلے دونوں میچز کے سینچری میکر بابراعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور امام کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

امام الحق نے قومی ٹیم میں اپنی سلیکشن پر ہونے والے تنقید کا جواب پہلے ہی میچ میں نصف سنچری بناکردیا اور محمد حفیظ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا جب کہ 89 رنز پر وہ وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جس پر انہیں شدید مایوسی ہوئی البتہ خوش قسمتی سے کیپر وہ کیچ تھامنے میں ناکام رہے جس پر انہیں ایک اور موقع ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

اس سے پہلے قومی ٹیم کے سابق بیٹسمین سلیم الہیٰ کو اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ امام الحق نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل سری لنکن کپتان تھرنگا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ڈک ویلا اور اپل تھرنگا نے 50 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈک ویلا 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سری لنکا کے دوسرے ا?ؤٹ ہونے والے کھلاڑی چندیمل تھے جو 19 رنز بنا کر 102 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے ، ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سری لنکن کپتان تھرنگا تھے جو کہ 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،کپوگیدرا 18 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہوگئے۔سری وردانا بھی صرف 2 رنز بنا کر 140 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، جب کہ وندرسے بھی زیادہ دیرتک وکٹ پرنہ ٹہرسکے اور کوئی رنز بنائے بغیر حسن علی کا شکار ہوگئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں تھرمانے نے 28 اور پریرا نے 38 قیمتی رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 5 شکار کیئے جب کہ شاداب خان نے 2 ،محمد حفیظ اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا،سری لنکا کا 208رنز کا ہدف پاکستان نے 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، پاکستان کوسیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :