نیب ریفرنسز کی سماعت کرنیوالی احتساب عدالت کے جج کو سکیورٹی سے متعلق احکامات جاری کرنے بارے خط کا معاملہ

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کے افسران میں اختلافات سامنے آ گئے ڈپٹی کمشنر نے ماتحت افسران کو انتظامی امور سے دور رکھتے ہوئے تمام فیصلے خود لینے شروع کر دیئے، اپنے ہی مقرر کئے گئے فوکل پرسن سے بھی تمام معاملات خفیہ رکھنے لگے خط سے متعلق لاعلم رکھنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور فوکل پرسن میں شدید غم و غصہ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 00:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت کے جج کو سکیورٹی سے متعلق احکامات جاری کرنے کے لئے لکھے گئے خط کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کے افسران میں اختلافات سامنے آ گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے ماتحت افسران کو انتظامی امور سے دور رکھتے ہوئے تمام فیصلے خود لینے شروع کر دیئے جبکہ اپنے ہی مقرر کئے گئے فوکل پرسن سے بھی تمام معاملات خفیہ رکھنے لگے۔ احتساب عدالت کے جج کو لکھے گئے خط سے متعلق لاعلم رکھنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور فوکل پرسن میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ( ر ) مشتاق احمد نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے سے متعلق مناسب احکامات جاری کرنے کے لئے احتساب عدالت کے جج کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق کسی بھی وکیل کو عدالت میں داخل ہونے سے نہیں روکا جا سکتا لہٰذا ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں مناسب حکم جاری کیا جائے تا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

(جاری ہے)

مذکورہ خط سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے فوکل پرسن کامران چیمہ نے صحافیوں کی جانب سے سوال کئے جانے پر ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کیا تو ڈپٹی کمشنر نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی خط نہیں لکھا گیا بعدازاں اسی خط سے متعلق جب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن ( ر ) شعیب سے پوچھا گیا تو انہوں نے بھی یہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی خط نہیں لکھا گیا حتیٰ کہ ڈائریکٹر ایڈمن اور چیف کمشنر کے پرسنل سیکرٹری نے بھی خط سے لاعلمی کا اظہار کیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلوں سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران کو لاعلم رکھا جاتا ہے۔

فوکل پرسن نے اپنے موقف میں خط سے متعلق خبروں کی تردید کی تھی غلط بیانی کرائے جانے پر ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن ( ر ) شعیب اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو و فوکل پرسن کامران چیمہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ( ر ) مشتاق احمد نے رابطہ کرنے پر کہا کہ ان کو زیادہ فون سننے سے الرجی ہے جس کے باعث وہ فون نہیں سنتے۔

متعلقہ عنوان :