پاکستا ن نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں 7وکٹوںسے شکست دے کر سیریز جیت لی

muhammad ali محمد علی بدھ 18 اکتوبر 2017 23:40

پاکستا ن نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں 7وکٹوںسے شکست دے کر سیریز جیت ..
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18اکتوبر۔2017ء) 5میچز کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے ۔209رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور ڈیبیو کرنے والے امام الحق نے 75 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا ، فخر زمان 29 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پچھلے دونوں میچز کے سنچری میکر بابراعظم بیٹنگ کے لیے آئے۔

38کے انفرادی سکور پر بابر بھی پوویلین لوٹ گئے۔امام الحق نے قومی ٹیم میں اپنی سلیکشن پر ہونے والے تنقید کا جواب پہلے ہی میچ میں نصف سنچری بناکردیا اور محمد حفیظ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا ، 89 رنز پر وہ وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جس پر انہیں شدید مایوسی ہوئی البتہ خوش قسمتی سے کیپر وہ کیچ تھامنے میں ناکام رہے جس پر انہیں ایک اور موقع ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے قومی ٹیم کے سابق بیٹسمین سلیم الہیٰ کو 1995ءمیں اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ امام الحق نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ 34 رنز پر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا اور لنکن اوپنرز نے ٹیم کو 59 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا ،حسن علی نے ڈکویلا کی وکٹیں بکھیر کر اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔

دنیش چندیمل نے اپل تھرنگا کےساتھ ملکر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی کہ شاداب خان کی گیند پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں آﺅٹ قرار پائے،لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شاداب نے ان فارم تھرنگا کو فخر کے ہاتھوں کیچ کرا کر ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔ کاپوگیدرا اور تھریمانے نے آہستہ آہستہ سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تھا کہ حسن علی نے کاپوگیدرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

سری لنکن ٹیم کو اگلے ہی اوور میں اس وقت پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب جنید خان نے ملندا سری وردن کی انگز کے آگے فل سٹاپ لگا دیا ، حسن علی نے اپنے اگلے اوور میں جیفری ویندرسے کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا کر پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔حفیظ نے تھریمانے کو 28رنز پر پوویلین چلتا کیا جبکہ حسن علی نے دھننجیا کو اپنا چوتھا شکار بنایا ۔اپنے آخری اوور میں حسن علی نے چامیرا کو آﺅٹ کرکے ون ڈے کیریئر میں تیسری مرتبہ اننگز میں 5شکا ر کرنے کا کارنامہ سر انجام دیا ،تھیسارا پریرا 38رنز بنا کررن آﺅٹ ہوئے اور پوری لنکن ٹیم 208رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کے لیے حسن علی نے 5،شاداب خان نے 2اور جنید خان اور حفیظ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے احمد شہزاد کو باہر کرتے ہوئے امام الحق کو ڈیبیو کرایا جبکہ عماد وسیم کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :